اسلام آباد(آئی این پی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی جانب سے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا معطلی کی درخواست کو دوسری بار اعتراض لگاکر واپس کر دیا۔ نوازشریف کے وکلا درخواست پر اعتراض دور کرکے (آج) ہفتہ کو دوبارہ دائر کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کی جانب سے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف یکم جنوری کو اپیل دائر کی گئی تھی جس میں سزا کی معطلی اور ضمانت پر رہائی کی اپیل کی گئی تھی تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے درخواست کو نامکمل قرار دے کر واپس کردیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے اعتراض کے بعد نوازشریف کے وکیل نے گزشتہ روز درخواست کو مکمل کرکے ایک بار پھر دائر کیا تاہم رجسٹرار نے اب دوسری بار بھی سابق وزیراعظم کی اپیل پر اعتراض لگاکر اسے واپس کردیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست کے ساتھ منسلک دستاویزات کے مدہم ہونے پر اعتراض دائر کیا اور درخواست ایک بار پھر واپس کردی۔ نوازشریف کے وکلا درخواست پر اعتراض دور کرکے (آج) ہفتہ کو دوبارہ دائر کریں گے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اپیل پر فیصلے تک احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا معطل کی جائے اور نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔
نواز شریف/ درخواست
العزیزیہ ریفرنس: نوازشریف کی سزا معطلی کی درخواست دوسری بار اعتراض لگا کر واپس
Jan 05, 2019