حفیظ ڈھاکا ایئرپورٹ پر ڈی پورٹ ہونے سے بال بال بچے

لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) بنگلہ دیش پریمیئرلیگ کھیلنے کے لیے بنگلہ دیش جانے والے پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ کو ڈھاکا ایئرپورٹ پر روک لیا گیا اور وہ ڈی پورٹ ہونے سے بال بال بچ گئے۔ایونٹ میں راج شاہی کنگز کی نمائندگی کرنے والے محمد حفیظ بغیر ویزا کے ڈھاکا پہنچے تو انہیں ایئرپورٹ پر ہی روک لیا گیا۔بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیلنے کے لیے آنے والے کھلاڑیوں کے لئے آن ارائیول ویزا کی پالیسی تھی لیکن بنگلہ دیش میں انتخابات کی وجہ سے کرکٹرز کو اس بار ویزا لینا لازمی تھا اور حفیظ اس نئی پالیسی سے لاعلم تھے۔محمدحفیظ کو گھنٹوں ائیرپورٹ پر روک کر رکھا گیا اور ایک موقع پر انہیں ڈی پورٹ کرنے کی تیاری کرلی گئی تھی البتہ بی پی ایل حکام نے حفیظ کو وطن واپسی کی خفت سے بچا لیا۔بنگلہ دیشی حکومت کے اعلیٰ حکام کی خصوصی مداخلت پر پاکستانی آل راؤنڈر کو ویزا جاری کیا گیا اور انہیں بنگلہ دیش میں داخلے کی اجازت ملی۔بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں آل راؤنڈر عامر یامین کومیلا وکٹورینز، محمد حفیظ اور محمد سمیع راج شاہی کنگز، شعیب ملک اور شاہد آفریدی کومیلا وکٹورینز جبکہ محمد عرفان، محمد نواز اور سہیل تنویر سلہٹ سکسرز کی نمائندگی کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن