گڑھ مہاراجہ، گجرات، ساہیوال (نامہ نگاران، صباح نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، میدانی علاقوں کو دھند نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے باعث ٹریفک روانی شدید متاثر ہوئی، ملتان خانیوال موٹروے بند کر دی گئی۔ لاہور، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، اور کوئٹہ سمیت چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ چیچہ وطنی، میاں چنوں، لودھراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ سمیت دیگر علاقوں میں دھند چھائی رہی۔کئی شہروں میں طویل لوڈشیڈنگ رہی، ٹریفک حادثے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔دوسری جانب دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ ادھر محکمہ موسمیات نے کہا کہ مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، پشاور، کوہاٹ، مردان، کوئٹہ، ژوب، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ ڈویژن میں بھی چند مقامات پر بادل برسیں گے، پہاڑوں پر بھی برفباری کا امکان ہے۔سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11 ریکارڈ کیا گیا جبکہ سکردو منفی 10، استور منفی 7، مالم جبہ، ہنزہ منفی 4 اور قلات میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں ایک، لاہور3، فیصل آباد4، ملتان 6، پشاور3، کوئٹہ صفر اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 2800 میگا واٹ سے تجاوز کر گیا جس کے باعث شہروں میں 12 جبکہ دیہی علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 800 میگا واٹ ہے جن میں سے پن بجلی ذرائع سے 500 میگا واٹ بجلی پیدا ہورہی ہے۔ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 2 ہزارمیگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، آئی پی پیز سے بجلی کی پیداوار 7ہزار 300 میگاواٹ ہے جب کہ طلب ساڑھے 12 ہزار میگا واٹ سے زائد ہے۔ ترجمان تربیلا ڈیم کے مطابق تربیلا پن بجلی گھرکے 15 پیداواری یونٹ بند ہوگئے۔تربیلا ڈیم سے پانی کے اخراج میں مزید کمی کا سامنا ہے۔ ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم کے صرف دویونٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، ڈیم سے 141 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، ڈیم میں پانی کی آمد 14600 کیوسک، اخراج 5000 کیوسک ہے، ڈیم میں پانی کی سطح 1423.65 فٹ ہے جب کہ ڈیم کا ڈیڈ لیول 1388 فٹ ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک کے مختلف شہروں میں چند روز سے جاری غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا۔