افغانستان: فوجی آپریشن، جھڑپیں، دھماکہ، داعش طالبان اور شہریوں سمیت 77ہلاک،93زخمی

کابل/مزار شریف (آئی این پی/شِہنوا) افغانستان میں مختلف جھڑپوں کے دوران داعش اور طالبان کے 77عسکریت پسند ہلاک جبکہ 93زخمی ہو گئے۔ جمعہ کو افغان میڈیا کے مطابق افغان افواج کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مختلف فوجی آپریشنز کے دوران طالبان اور داعش سے تعلق رکھنے والے 71عسکریت پسند ہلاک ہو گئے، طالبان اور داعش کے خلاف فوجی آپریشنز افغانستان کے مختلف علاقوں میں کئے گئے اور اس دوران سرکاری فورسز کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں،عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشنز موسم سرما میں کی جانے والی اہم کاروائی کا حصہ ہیں۔ فوجی ذرائع نے بتایا کہ اس طرح کی کاروائیاں عسکریت پسندوں کے خلاف جاری رہیں گی اور یہ ایسے گروہوں کے خلاف کی جا رہی ہیں جو کہ امن و عمل کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔افغانستان کے شمالی صوبے بلخ کے ضلع چمتل میں اپنے ہی بم دھماکے میں تین طالبان جاں بحق ہو گئے۔صوبائی ترجمان عبدالحادی جمال کے مطابق طالبان جانگی قلہ کے علاقے میں سڑک کے کنارے بارودی سرنگ نصب کر رہے تھے کہ وہ اچانک پھٹ گئی جس میں نصب کرنے والے تینوں طالبان ہلاک ہو گئے۔سڑک سے سیکیورٹی فورسز کا قافلہ گزرنے والا تھا ۔دریں اثناء کابل میں ایک پیٹرول پمپ میں آتشزدگی کے باعث 3افراد ہلاک اور44زخمی ہو گئے۔مقامی ذرائع ابلاغ نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک ہے۔تاہم آگ لگنے کی وجوہات کا علم نہ ہو سکا۔

ای پیپر دی نیشن