کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے سیزن 4 کے لیے کراچی کنگز کے کپتان اور نائب کپتان کا اعلان کردیا گیا۔ عماد وسیم کپتان برقرار رہیں گے جبکہ کولن انگرام نائب کپتان ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی مینجمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ عماد وسیم کراچی کنگز کے کپتان رہیں گے۔اپنے ٹویٹ میں سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ کولن انگرام کراچی کنگز کے نائب کپتان ہوں گے۔پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی سیزن 2016 میں شعیب ملک ٹیم کے کپتان تھے جبکہ سیزن 2 میں کمار سنگا کارا نے کپتانی کے فرائض انجام دیے۔گزشتہ برس عماد وسیم کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا جو اس سیزن میں بھی برقرار رہیں گے۔خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کے شیڈول کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے 17 مارچ تک ہوگا۔پی ایس ایل فور کے 4 میچز پہلی مرتبہ ابو ظہبی میں ہوں گے جبکہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔لاہور میں ہونے والے میچز 9، 10 اور 12 مارچ کو ہوں گے جبکہ 7، 10، 13 اور 15مارچ کو میچز کراچی میں ہوں گے۔ پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔