کراچی(سٹی ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ(ن) سابق نائب صدر کراچی نعمان ہاشمی نے کہا کہ روزانہ گھریلو اورصنعتی سطح پر گیس کے کم پریشر کی وجہ سے شہری اورصنعتکار پریشان ہیں اگر اس سنگین بحرانی صورتحال پر قابو نہ پایا گیا اورگیس کی بندش اورپریشر میں کمی جاری رہی تو ایکسپورٹرز بڑے خسارے کی وجہ سے اپنی انڈسٹریز کو بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دسمبر میں گیس کی بندش کے علاوہ روزانہ گیس کے کم پریشرکی وجہ سے ایکسپورٹ مصنوعات کی تیاری بری طرح متاثر ہے‘ گیس کے کم پریشر کی وجہ سے کراچی کی ٹیکسٹائل انڈسٹریز ایک بحرانی کیفیت کا سامنا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں مسابقتی ممالک کی نسبت پاکستان میں مینوفیکچرنگ کی لاگت میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے پاکستانی ایکسپورٹرز پہلے ہی انتہائی کم منافع پر کام کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کراچی دشمنی ختم کرکے گیس بحران پر قابو پائے تاکہ عوام اورصنعتکار وتاجر سکون کا سانس لے سکیں۔