دنیائے فٹبال کے ساتھ جڑے رہنے کے لیے فیفا اور اے ایف سی کے ساتھ بھی عالمی قوانین کے مطابق اپنے معاملات کو احسن انداز میں چلانا ضروری ہے: مخدوم سید فیصل صالح حیات

(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) مخدوم سید فیصل صالح حیات کا کہنا ہے ہم اپنی عدالتوں کا بھی احترام کرتے اور چاہتے ہیں کہ دنیا میں بھی انکی عزت ہو۔ دوسری طرف ہم فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا اور کھیل کے انتظامی معاملات کی نگرانی کرنیوالی علاقائی تنظیم ایشین فٹبال کنفڈریشن کے ساتھ بھی منسلک ہیں۔دوسری طرف ہمارے لیے دنیائے فٹبال کے ساتھ جڑے رہنے کے لیے  فیفا اور اے ایف سی کے ساتھ بھی عالمی قوانین کے مطابق اپنے معاملات کو احسن انداز میں چلانا ضروری ہے۔ میں نے سپریم کورٹ کے سامنے فیفا قوانین کے بارے بتایا تھا کہ فیفا قوانین ایسی اجازت نہیں دیتے۔ وہ ابو ظہبی سے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا ایشین فٹبال کنفڈریشن کے صدر شیخ محمد بن سلمان نے اپنے خطاب میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے انتخابات کو تھرڈ پارٹی مداخلت قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے اے ایف سے کے صدر نے پی ایف ایف کے انتخابات کو فیفا اور اے ایف سی قوانین سے متصادم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا قوانین کے مطابق تھرڈ پارٹی مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔  پاکستان فٹبال فیڈریشن میں اسے مسترد کرتے ہیں۔ہم فیفا کے ساتھ ملکر پاکستان فٹبال فیڈریشن کی آزادی و خود مختاری کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ اے ایف سی پاکستان میں ہونیوالے انتخابات کو مسترد کرتی ہے ہم فیفا قوانین پر عمل کے پابند ہیں اور فیفا نے فیصل صالح حیات کی منتخب فیڈریشن کو دو ہزار بیس تک توسیع دے رکھی ہے۔ مخدوم سید فیصل صالح حیات کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی تین سال تک ہمیں مسائل کا سامنا رہا۔ فیفا نے اپنے قوانین کی خلاف ورزی پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی تھی اس فیصلے سے دنیا بھر میں پاکستان کی ساکھ متاثر ہوئی۔ایک مرتبہ پھر ہمیں ویسے ہی حالات کا سامنا ہے۔ فیفا کی طرف سے بحالی کے بعد مختصر وقت میں ہماری مختلف ٹیموں آٹھ دس غیر ملکی دورے کیے، کئی کامیابیاں حاصل کیں یہ سب فیفا اور اے ایف سی کے فنڈز سے ہی ممکن ہوا تھا۔ملکی سطح پر بھی فٹبال کی سرگرمیاں بحال کرتے ہوئے مقابلوں کا انعقاد ہوا۔ ہمیں ایک مرتبہ پھر ماضی والی صورتحال کا سامنا ہے۔میں یہاں ایشین فٹبال کانفرنس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر کی حیثیت سے شرکت کر رہا ہوں۔اے ایف سی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پینتالیس ممالک کے نمائندگان نے شرکت کی ہے۔

حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس

ای پیپر دی نیشن