پاکستان نے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی تحقیقات کیلئے انسانی حقوق کے عالمی ادارے کی طرف سے تحقیقاتی کمیشن تشکیل دینے کامطالبہ کیا ہے ۔ ہفتہ کو کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کے موقع پر ایک ٹویٹ میں دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں خون ریزی کا جاری سلسلہ اور کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہونا عالمی برادری کی اجتماعی ناکامی ہے ۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔علاوہ ازیں سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمدفیصل نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت ہرفورم پرمسئلہ کشمیر اجاگرکررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کے عوام اس مسئلہ کو اپنی خواہشات اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرناچاہتے ہیں۔ڈاکٹرمحمدفیصل نے کہاکہ بین الاقوامی تنظیمیں بھی مقبوضہ کشمیرمیں بے گناہ کشمیریوں پربھارت کے مظالم کو بے نقاب کررہی ہیں.