ہوا بدلنے کے آثار

Jan 05, 2020

فاروق عادل

کوئٹہ کا ایک سفر کبھی نہیں بھولتا، ریل گاڑی اسٹیشن پر پہنچی تو مسافروں نے اس پر ہجوم کیا۔ اُ ن زمانوں میں اوّل ٹرین پر سوار ہونا پھر اس میں جگہ بنانا جان جوکھوں کا کام تھا۔ خوش قسمتی سے جنھیں جگہ مل جاتی، وہ آنے والوں کا راستہ بند کر دیتے۔ گاڑی کے اندر جہاں بیٹھنے کی جگہ ہوتی، لوگ باگ ایک دوسرے پر چڑھے دکھائی دیتے۔ کوئی جگہ بنانے کی کوشش کرتا تو پہلے سے بیٹھے ہوئے لوگ اُسے کاٹ کھانے کو دوڑتے۔ بیچ کی طویل راہداری، نشستوں کے درمیان تھوڑی سی جگہ، غرض اندر داخل ہونے نیز باہر نکلنے کے کسی مقام پر بھی تل دھرنے کو جگہ نہ ملتی۔ گزشتہ برس ڈیڑھ برس کے دوران میں اپنے دیس کے جو حالات بنے، انکی وجہ اس بھولے بسرے سفر کی یاد بار بار آئی لیکن اب جب سے ہواؤں کا رخ بدلا ہے، اس یاد سے منسلک ایک اور یاد بھی سر اٹھانے لگی ہے۔
سفر طویل ہو، کم از اتنا کہ آپ کو اس دوران میں بار بار کھانا تناول کرنا پڑے، پانی کے انتظام کیلئے کچھ زحمت اٹھانی پڑے، اسکے علاوہ بھی جو انسانی ضروریات ہیں، ان کی تکمیل کیلئے جو کچھ بھی کرنا پڑے، کیا جائے۔ یہ سفر کچھ ایسا ہی تھا۔ستر، اسی یا زیادہ سے زیادہ سو کلو میٹر گزرے ہوں گے کہ ایک نئے مشاہدے نے دنگ کردیا۔ گاڑی کے مختلف حصوں میں وہ جو آپا دھاپی تھی، بے چینی تھی اوربے ثباتی کا احساس تھا، کسی ان دیکھی کوشش بلکہ نظام کے تحت سکون میں بدل گیا، کچھ اس طرح کہ سفر کی اس کیفیت میں بھی قیام جیسی صورت دکھائی دینے لگی۔ وہ لوگ جو قدرے عمر رسیدہ اور نسبتاً پڑھے لکھے تھے، انھوں نے اپنے بیگ ٹٹولے اور ان میں سے کوئی اخبار، رسالہ یا کتاب برآمد کی، ٹانگیں سیدھی کیں، تکیے سے ٹیک لگائی اور پڑھنا شروع کر دیا جو عورتیں پکی عمر کی تھی، انکے بیگوں سے اون کے گولے برآمد ہوئے اور انکے پر کار ہاتھوں میں میکانکی رفتار سے سلائیاں حرکت میں آ گئیں۔بڑی بوڑھیوں کے درمیان کھسر پھسر شروع ہوگئی اور لڑکیوں بالیوں کے بیچ گپ شپ اور جواں سال ماؤں نے بچے گود میں لیکر اوڑھنی سے انھیں ڈھک لیا۔ ٹرین کے ایسے مناظر جس کسی نے بھی دیکھے ہوں گے، مجھے یقین ہے کہ اسکے دل کے دریچوں پر پھیلے صفحات پر یہ تصویریں ہمیشہ کیلئے مرتسم ہو گئی ہوں گی۔
کسی جادوئی حقیقت کی طرح جب میں نے یہ منظر دیکھا تو پاس بیٹھے اپنے پیارے دوست امجد نواز وڑائچ سے کہا کہ امجد بھائی!کچھ دیر قبل کتنی بے سکونی تھی،اب کیساسکون ہے جیسے یہاں کبھی کوئی پریشانی تھی ہی نہیں۔اُن دنوںامجد بھائی ایسے تھے کہ انھیں دیکھ کر کرنل شفیق الرحمن(مرحوم جنرل بن کر ریٹائر ہوئے لیکن جب تک انھیں کرنل نہ کہا جائے، انکی شوخی بھری تحریرں کا تصور ہی ذہن میں نہیں آتا)کا ایک کردار ذہن میں آجاتا جسکے بارے میں وہ لکھا کرتے تھے کہ وہ زیر مونچھ مسکراتا ہے۔ میرا جملہ سن پر ان کی نوعمری کے باوجود گھنی مونچھیں پھڑپھڑائیں، مسکراہٹ واضح تھی۔وہ مسکرائے اور ایک بات کہی۔ اپنے اس دوست کی باتیں اور دوران گفتگو مثالیں سن کر ہم لوگ حیران ہوا کرتے اور سوچتے کہ ایسی باتیں انھیں کیسے سوجھتی ہیں۔ یہ بات تو بہت بعد میں جاکر اس وقت سمجھ میں آئی جب چوہدری شجاعت حسین صاحب سے ملنے اور انھیں سننے کا موقع ملا کہ نجیب الطرفین جاٹو ں کو اللہ نے ایک ایسا ملکہ عطا کیا ہے کہ وہ اچانک منہ میں آنے والی کسی کہاوت،کسی پنجابی ٹپے یا ایسے ہی کسی جملے اور بعضے کسی تمثیل سے ایسی بات کہہ دیتے ہیں جسے سمجھنے کو بعض اوقات زمانے لگ جاتے ہیں۔امجد کی مونچھیں پھڑپھڑائیں تو بالکل چوہدری شجاعت ہی انداز میں انھوں نے کہا کہ فاروق بھائی، یہ جو بوری ہوتی ہے نا بوری، بوری دیکھی ہے کبھی؟اس میں جب سامان ڈالتے جاتے ہیں اور بورابھرتے بھرتے لگتا ہے جیسے اس کا دامن سمٹ گیا اور سامان اس کی گنجائش سے بڑھ کر باہر نکل آیا، ایسی کیفیت میں دانش مند بورے کو ہلاتے جلاتے ہیں، ایسے میں اس کا دامن کچھ وسیع ہوتا ہے اور سامان اس میں سماتا چلا جاتا ہے۔تو میرے بھائی، تو اس ٹرین کو بھی اسی بورے کے موافق سمجھ۔امجد بھائی نے دانش کے موتی لٹائے اور ایک بار پھر زیر مونچھ مسکرانے لگے۔
مجھے لگتا ہے کہ قوموں کی زندگی میں بھی کچھ ایسا ہی ہوتا ہے ۔نئے آنے والے خوب شور مچاتے ہوئے آتے ہیں، جتنا بس چلتا ہے اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہیں، کسی کو نہ چھوڑنے کی بات کہتے ہیں لیکن ٹرین جب سو ڈیڑھ سو کلو میٹر کا سفر کر چکتی ہے، بہت کچھ اپنے ٹھکانے پر آنے لگتا ہے۔ عمران خان نے گزشتہ بدھ کی شام وزیر اعظم ہاؤس میں ملک کے سینئر بیوروکریٹ جمع کیے اور انھیں احتساب کی نفیسات نیز حکمت سے آگاہ کیااور بتایا کہ نیب آرڈیننس کا نفاذ اس لیے ضروری ہوگیا تھا کہ اس ملک کی مشینری خوف زدہ ہوچکی تھی، اس لیے کار مملکت کا چلنا ممکن نہیں رہا تھا۔
اس کایا کلپ پر حزب اختلاف ہو، وہ فدائین ہوں جو راشن لے کر مخالف کی ایسی کم تیسی کردینے کی خداداد صلاحیت رکھتے ہوں، وہ سب نہایت آسانی کے ساتھ منہ کھول کے کہہ سکتے ہیں کہ اب آیا اونٹ پہاڑ کے نیچے یا زیادہ سخت الفاظ میں یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ انھیں آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہوا ہے تو عقل بھی ٹھکانے آگئی ہے۔بات یہ ہے کہ جو جس انداز میں سوچتا ہے ،اسی طرح ردعمل کا اظہار بھی کرتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ جذبات کی چڑھی ہوئی آندھی جب اترتی ہے اور معاملات ٹھکانے پر آتے ہیں تو سمجھ دار لوگ ایسے ہی حقیقت پسندی سے کام لیتے ہیں۔اب ضرورت اس امر کی ہے کہ دیگر اہل معاملہ بھی خیر کے کام میں اہل خیر کا ساتھ دیں اور عنداللہ ماجور ہوں۔مجھے لگتا ہے کہ فوج کے سربراہ کی مدت ملازمت میں اضافے کے سلسلے میں حکومت کے ساتھ حزب اختلاف کے پیچھے بھی کچھ ایسی ہی رمز پوشیدہ ہے۔

مزیدخبریں