اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) سپریم شیعہ علما بورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ عالمی شیطانی سرغنہ امریکہ کا بغداد ایئر پورٹ پر حملہ ننگی جارحیت ہے عراقی خود مختاری پر حملہ کرکے امریکہ نے اقوام متحدہ کے دستور کو تار تار کردیا ہے ، قاسم سلیمانی و مہدی مہندس سمیت تمام شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا گو اور متاثرین سے اظہارِ ہمدردی وامریکی حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں ،کوئی مسلم ملک عرا ق پر امریکی جارحیت پر شادیانے نہ بجائے استعماری سرغنہ باری باری سب ملکوں کو نشانہ بناتا رہے گا غداروں سے فائدہ اٹھا کر انہیں عبرت بنا دیناامریکی روایت ہے امت مسلمہ کو کسی ایک مسلم ملک پر حملہ عالم اسلام پر حملہ سمجھنا ہوگا ، امریکہ گریٹر اسرائیل و اکھنڈ بھارت کے خواب کی تکمیل چاہتا ہے مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا ،مسلم ممالک باہمی تنازعات سے شیطانی قوتوں کو فائدہ نہ اٹھانے دیں دشمن مسلمانوں کو جنگ میں جھونک کر اپنے اسلحے کی فروخت بڑھانا اور مسلم ممالک کو ملیا میٹ کردینا چاہتا ہے ،مسلمانوں کے عدم اتفاق و عدم اتحاد کی بناء پر صیہونی شیطانی قوتیں عالم اسلام پر مکمل غلبہ پانے کی شدو مد سے جدوجہد میں مصروف ہیں مسلم حکمران سنجیدگی و دانشمندی سے امریکی و شیطانی قوتوں کے عزائم ناکام بنا دیں،حکمران خبردار رہیں امریکہ ایک بارپھر پاکستان کو فرنٹ لائن پر لاکر استعمال کرنے کی کوشش کرے گاحکمران جرات و دلیری کے ساتھ واضح کردیں کہ پاکستان کسی مسلمان ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگا پاکستان کھل کر امریکی حملے کی مذمت کرے حدیث نبی ؐ ہے جو اس حالت میں صبح و شام کرے اور مسلمانوں کے امور کااہتما م نہ کرے اسے مسلمان کہلانے کا حق نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی ہائی کمان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہاکہ ایک دوسرے کی آزادی،خود مختاری اور اقتدار اعلیٰ کا احترام کرتے ہوئے برابر کی سطح پر دوستانہ تعلقات قائم کرنا اور دوسرے کے اندرونی معاملات میں پرہیز اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی نکات تھے امریکہ آغاز ہی سے یو این چارٹر کو پامال کرتا آیا ہے
بغداد ایئر پورٹ پرا مریکی حملہ ننگی جارحیت، اقوام متحدہ کا دستور تار تارہوگیا
Jan 05, 2020