ہلال احمر پاکستان کے تمام آپریشنز کو مزید فعال کریں گے ، ابرار الحق

Jan 05, 2020

اسلام آبا د( خصوصی نمائند ہ ) ابرار الحق نے بطور چیئرمین ہلال احمر پاکستان اپنا عہدہ سنبھالتے ہی نیشنل ہیڈکواٹرز میں ہلال احمر مینجمنٹ اور دیگر سٹیک ہولڈز سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں سوسائٹی کے مینڈیٹ کو مزید تقویت اور وسعت دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ابرارلحق ان دنوں ہلال احمر کی تمام صوبائی برانچوں کے ہیڈکواٹرز کے دورے پر ہیں، انہوں نے ہلال احمر پنجاب پرانچ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے برانچ مینجمنٹ اور افسران سے ملاقات کی۔ چیئرمین ہلال احمر پاکستان کو برانچ کے پروگرامز اور اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر ابرارلحق نے پنجاب برانچ کی جانب سے کیے جانے والے انسانی خدمت کے اقدامات کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ ہلال احمر کو مزید بہتر اور فعال بنانے کیلئے ایک مربوط اور جامع حکمت عملی اور پلان مرتب کیا جا رہا ہے جس کے تحت ہلال احمر کی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ، نیشنل ہیڈکواٹرز ، صوبائی ہیڈ کواٹرز اور ضلعی شاخوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا تاکہ ملک بھر میں مشکل زدہ اور ضرورت مند افراد کی بطرق احسن خدمات کی جا سکیں۔ چیئرمین ہلال احمر ان دنوں پاکستان میں موجود پارٹنرز نیشنل سوسائیٹیز کے سربراہان،قائم مقام ہیڈ آف آئی ایف آر سی اور آئی سی آر سی ہیڈ آف ڈیلیگیشنز سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔اس کے علاوہ، سرکاری اداروں کے سربراہان اور دیگر سٹیک ہولڈز سے بھی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے تاکہ ایک ٹھوس اور قابل عمل حکمت عملی کے تحت ہلال احمر کے پروگرامز اور اقدامات میں بہتری لائی جا سکے۔ہلال احمر پاکستان کے تمام آپریشنز کو ملک بھر میں مزید فعال اور موثر بنانے کیلئے 90 دنوں کے پلان پر غور کیا جارہا ہے جسے آیندہ دنوں ہلال احمر مینیجنگ باڈی سے غور وخوص اور منظوری کے بعد عمل میں لایا جائے گا

مزیدخبریں