لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان میں معیاری کرکٹ پچز کی تیاری میں مدد کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے کنسلٹنٹ برطانوی ماہر کیوریٹر اینڈی ایٹکنسن کراچی پہنچ گئے ہیں۔کراچی پہنچ کر اینڈی ایٹکنسن نے نیشنل سٹیڈیم کی پچز کا معائنہ کیا، گراؤنڈ سٹاف سے ملاقات کی اوراسٹیڈیم میں وکٹوں کی تیاری کیلئے رکھے گئے سامان کی خستہ حالی پر حیرت کا بھی اظہار کیا۔ غیر ملکی کیوریٹر ملتان، پنڈی اور لاہور سنٹرز کا دورہ کریں گے اور پچزکے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو تفصیلی رپورٹ دیں گے۔ وہ پی سی بی کو تجاویز دیں گے کہ پچز کی کوالٹی میں کس طرح بہتری لائی جاسکتی ہے۔اینڈی پہلی بار 2001 میں پاکستان آئے تھے، 2004 اور 2006 میں بھارت کی سیریز کیلئے بھی وہ پاکستان آچکے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے معیاری پچز کی تیاری ہمیشہ سے ہی ایک چیلنج رہی ہے جس کی وجہ سے معیاری پچز بنانے کے لیے برطانوی ماہر کیوریٹر اینڈی ایکٹنسن آئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایسی پچز تیار کی جائیں گی جس کے بعد پاکستان کو بیرون ملک بیٹنگ باؤلنگ میں مشکلات پیش نہیں آئیں گی۔