لاہور میں بارش ، دھند ختم، گلیات، برفباری سے رابطہ سڑکیں بند

لاہور‘ بہاولپور‘ بہاولنگر‘ چشتیاں‘ ایبٹ آباد (سپورٹس رپورٹر‘ بیورو رپورٹ‘ نامہ نگار‘ نمائندہ نوائے وقت‘ اے پی پی) ملک کے بالائی علاقوں میں آج بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے بہاولپور میں سردی کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جبکہ بہاولنگر میں دھند کے باعث موٹرسائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم سے 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق  لاہور سے سپورٹس رپورٹر کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔ آج منگل کو کشمیر، اسلام آباد سمیت خطہ پھوہار، نارووال ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاوالدین، حافظ آباد، گوجرانوالہ، لاہور اور شیخوپورہ میں وقفے وقفے سے مزید تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔  مری/ گلیات، نتھیاگلی، کاغان، ناران، سوات، استور، ہنزہ، وادی نیلم، باغ، راولاکوٹ اور حویلی میں برف باری جبکہ تیز بارش کے باعث کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔  پنجاب کے میدانی علاقوں میں بدھ کی رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ بہاولپور سے بیورو رپورٹ اور نامہ نگار جبکہ مسافر خانہ سے نامہ نگار کے مطابق بہاول پور میں  سردی اپنے جوبن پر رہی اور سارا دن شہر میں دھند نے ڈیرے ڈالے رکھے۔ شدید سردی نے گذشتہ 30 سال کے ریکارڈ بھی توڑ دیئے ہیں بہاول پورمیں کم سے کم درجہ حرارت 8 سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 12 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ مسافر خانہ، نورپور نورنگا، گلن ہٹی اور دیگر علاقوں میں بھی دھند کا راج قائم ہوگیا۔ سڑکوں پر دھند کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ چشتیاں  سے نامہ نگار اور بہاولنگر سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق چشتیاں شہر کے قریب قاضی والا روڈ پر شدید دھند کی بنا پر موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم کے نتیجہ میں موٹرسائیکل سوار دو نوجوان جاں بحق ہوگئے جبکہ 15سالہ طالب علم شدید زخمی ہوگیا۔ لاہور میں بھی رات کو بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس سے دھند ختم ہو گئی۔ ایبٹ آباد سے اے پی پی کے مطابق گلیات میں برف باری کے دوران چھانگلہ گلی میں پھنسے سیاحوں کو گلیات پولیس نے ریسکیو کرلیا۔ ایبٹ آباد کے سیاحتی مقامات نتھیاگلی، ڈونگا گلی، ایوبیہ، ٹھنڈیانی اور دیگر مقامات پر برف باری  کا سلسلہ تیز ہونے سے متعدد رابطہ سڑکیں مکمل طور پر بند رہیں۔ ایبٹ آباد کو مری سے ملانے والی مین مری روڈ متعدد مقامات سے بند ہے۔ چھانگلہ گلی میں سوموار کی شام بڑی تعداد میں سیاح پھنس گئے جنہیں گلیات پولیس نے ایس ڈی پی او گلیات جمیل الرحمن قریشی کی سربراہی میں بحفاظت نکال لیا۔ بگنوتر کے قریب سیاحوں کی گاڑی برف میں پھسلن کے باعث حادثہ کا شکار ہوگئی۔حادثہ میں تین سیاح زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...