سکھر (آئی این پی) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان فارن فنڈنگ کیس کی مزید کارروائی کے حوالے سے احکامات دیں تاکہ اس کا فیصلہ قوم کے سامنے آسکے۔ فارن فنڈنگ کیس الیکشن کمشن کی آزادی پر داغ ہے۔ حکومت کا اس پر 6 سال سے حکم امتناعی حاصل کیے رکھنا ثابت کرتا ہے کہ دال میں ضرور کچھ کالا ہے اور اسرائیل و بھارت سے فنڈنگ لینے کی جو باتیں کی جارہی ہیں وہ سچ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اگر سینٹ کے انتخابات ہوئے تو پھر بھی اپوزیشن کی حکومت کے مقابلے میں دو تین سیٹیں زیادہ ہی ہونگی اور اس کی اکثریت حاصل کرنے کا خواب صرف خواب ہی بن کر رہ جائے گا۔ نیشنل ڈائیلاگ کے حوالے سے حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔ اگر وہ سنجیدہ ہوتی تو اس کے پچاس سے زائد ترجمان بدزبانی نہ کررہے ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ مولانا، مریم اور بلاول سب یک زبان ہیں۔ تاہم استعفوں کا ابھی وقت نہیں آیا ہے۔ حکومت کبھی اپوزیشن کے جلسوں کو ناکام نہیں کہہ سکتی۔ یہ دکھانا تو میڈیا کا کام ہے۔
چیف جسٹس فارن فنڈنگ کیس کی مزید کارروائی کیلئے احکامات دیں: خورشید شاہ
Jan 05, 2021