اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ فنکشنل مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد علی درانی نے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی ہے اور ان سے ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ جبکہ نوائے وقت کے رابطہ کرنے پر محمد علی درانی نے چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی تصدیق نہیں کی اور کہا کہ وہ ان سے ملاقات کے خواہشمند ضرور ہیں لیکن ابھی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ اسی طرح چوہدری نثار علی خان کے پولیٹیکل سیکرٹری نے ملاقات کے بارے میں چوہدری نثار علی خان سے رابطہ کر کے جواب دینے کا وعدہ کیا لیکن نثار علی خان کی جانب سے اس ملاقات کے بارے میں تصدیق یا تردید کرنے سے گریز کیا گیا۔ ’’نوائے وقت‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ کہ وہ میاں شہباز شریف سے ملاقات کر چکے ہیں۔ اس کے بعد دو بار مولانا فضل الرحمن سے ملاقات ہو چکی ہے۔ ان سے فون پر رابطہ رہتا ہے۔ گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کے لئے ایجنڈا پر بات کر رہا ہوں۔ جوں ہی کوئی ڈویلپمنٹ ہوئی قوم کو آگاہ کر دوں گا۔ فی الحال کوئی بات شیئر نہیں کی جا سکتی۔