کراچی(کامرس رپورٹر)چیئرمین آل پاکستان کوروگیٹیڈمینوفیکچررز ایسوسی ایشن محمد مسرور مرزا نے حکومت سے اس صنعت کو بچانے کے لئے مناسب اقدامات کرنے کی اپیل کردی ۔پیپرانڈسٹری کی طرف سے خاص طور پر کاغذ کی قیمتوں میں اضافے اور کچرے کے کاغذوں کی کمی کی وجہ سے امور پر تبادلہ خیال کے لئے منعقدہ کوروگیٹیڈمینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مسرورمرزا نے حکومت کو کاغذی برآمد روکنے اور کرافٹ پیپر پر 27 فیصد ڈیوٹی چھوٹ دینے کی تجویز پیش کی ہے۔اجلاس میں سائوتھ زون سے ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ سلطان صلاح الدین چشتی ، سینئر وائس چیئرمین سید ضیاء الحسن ،ہمایوں صدیقی،شاہد انصاری جبکہ نارتھ زون سے ذکی اعجاز،عدنان بٹ،خواجہ طارق،فیصل اور رضاگیلانی نے شرکت کی۔مسرور مرزا نے کہا کہ ردّی پر سبسیڈی دی جائے تاکہ موجودہ بدتر ہوتے ہوئے حالات پر قابو پایا جاسکے وگرنہ پیپر،کارٹن انڈسٹری کی صورتحال ابترہوجائے گی اورحکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششیں بھی رائیگاں چلی جائیں گی کیونکہ اس انڈسٹری کے بغیر نہ تو ایکسپورٹ ہوسکتی ہے اورنہ ہی مقامی انڈسٹری چل سکتی ہے اس لئے ہمیں امید ہے کہ حکومت ہماری انڈسٹری کی مشکلات پر فوری توجہ دے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرپرست اعلیٰ سلطان صلاح الدین چشتی نے ایسوسی ایشن کو فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور ایسوسی ایشن کے ممبران کوباقاعدہ اجلاس کرکے ایشوز پر مسلسل مشاورت اور تجاویز پر تبادلہ خیال کرنے سمیت مسائل کو حل کرنے کیلئے مشترکی جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔