اسلامی ریٹیل بینکنگ ایوارڈ، بینک  اسلامی نے 4 ایوارڈز جیت لئے

کراچی ( کامرس رپورٹر)116 سے زائد شہروں میں 340 سے زائد برانچوں کے ساتھ پاکستان کے معروف، تکنیکی لحاظ سے جدید ترین اسلامی مالیاتی ادارے بینک اسلامی نے چھٹے اسلامک ریٹیل بینکنگ ایوارڈ (آئی آر بی اے) 2020ء میں 4 ایوارڈز جیت لئے جس سے بینک کی ساکھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔ بینک اسلامی نے رواں سال کے لئے بیسٹ فن ٹیک ایپلی کیشن ایوارڈ کے ساتھ پاکستان میں Critic's Choice Best Islamic Retail Bank Award  بھی جیتا۔ بینک اسلامی کے صدر اور سی ای او سید عامر علی کو آئی آر بی اے سال کی بہترین شخصیت کے طور پر تسلیم کیا گیا اور بینک اسلامی کے کنٹری ہیڈ، ڈسٹری بیوشن رضوان عطاء کو سال 2020ء کا آئی آر بی اے اسلامک ریٹیل بینکر کا خطاب دیا گیا۔ بینک اسلامی نے سال 2019ء میں ریونیو، اثاثہ جات اور کسٹمر بیس کے حوالے سے غیر معمولی ترقی کی۔ سال کے دوران بینک اسلامی نے منافع میں تقریباً 400 فیصد کا اضافہ کیا جبکہ ادارے کے ڈپازٹس میں 24 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔ بینک کی غیر معمولی حکمت عملی اور کوششوں نے نہ صرف اسلامی ریٹیل بینکنگ کے شعبہ کو ترقی دی بلکہ ڈیجیٹل بینکنگ چینلز کو ملک بھر میں ہر ایک کے لئے آسانی سے قابل رسائی بنایا۔ بینک اسلامی اپنے سروس پورٹ فولیو میں بائیو میٹرک اے ٹی ایمز اور ون ٹچ بینکنگ جیسی جدید ترین ٹیکنالوجیز متعارف کرانے میں پیش پیش رہا ہے جس نے پاکستان میں مالی شمولیت کو آسان بنانے کے لئے نئے افق کھول دیئے ہیں۔ اس پیش رفت پر تبصرہ کرتے ہوئے بینک اسلامی کے صدر اور سی ای او سید عامر علی نے کہا کہ بینک اسلامی کی ٹیم کی جانب سے مجھے بیسٹ اسلامک ریٹیل بینک آف دی ایئر ایوارڈ حاصل کرنے پر خوشی ہے۔ سال 2019ء بینک اسلامی کیلئے شاندار کارکردگی اور کامیابیوں کا سال تھا۔ اس سال کے دوران ہمارے ڈپازٹس میں 24 فیصد جبکہ منافع میں 400 فیصد اضافہ ہوا۔ میں اس ایوارڈ کے لئے بینک اسلامی کو منتخب کرنے کے لئے Critic's کی چوائس کمیٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور میں منتظمین کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے وباء کے دوران اس ایونٹ کو کامیابی سے منعقد کیا۔ بینک اسلامی کے کنٹری ہیڈ، ڈسٹری بیوشن رضوان عطاء نے کہا کہ پاکستان میں اسلامک بینکنگ کے ریٹیل بینکر کے طور پر اپنے انتخاب پر وہ منتظمین کے بے حد مشکور ہیں۔ اسلامی بینکاری کو فروغ دینا اور خود کو اور لوگوں کو ربا سے بچانا میری زندگی کا مشن ہے اور اﷲ رب العزت نے مجھے اسلامی بینکاری کی صنعت میں خدمت کے لئے بینک اسلامی میں موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی بینکاری پاکستان میں ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں اسلامی بینکاری پاکستان کی بینکنگ انڈسٹری میں سبقت حاصل کرے گی۔ 

ای پیپر دی نیشن