اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)اقوام متحدہ کے امن مشنز کو فروغ دینے والے بانی عہدیدار برائن ارکیوہرٹ 101برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے اقوام متحدہ کے عہدیدار برائن اوکیوہرٹ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ میں اپنی خدمات کے دوران کسی بھی تنظیم کی تاریخ میں گہرے نقوش چھوڑے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ برائن ارکیوہرٹ نے بین الاقوامی سول سروس میں غیرجانبدارانہ اور پرعزم عہدیدار کے طور پر معیار قائم کیے اور انہوں نے نہ صرف اپنی زندگی بلکہ اقوام متحدہ اور اس کی تاریخ میں عالمی امور کی انجام دہی میں امید کو برقرار رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے عملے اور نوجوانوں کے لیے ا ستاد تھے اور ہم ایک باکمال خدمت گار کی حیثیت سے ان کی شاندار اور لاجواب شراکت کے لئے شکر گزار ہیں۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے برائن ارکیوہرٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے اصولوں اور مقاصد کے انتہائی مضبوط وکیل اور حمایتی اور ایک پرعزم بین الاقوامی سرکاری اہلکار تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی مثال ایک مثبت کثیرالجہتی کی حیات نو کے لیے ایک نمونہ ہونی چاہیے۔ جنگ عظیم دوم میں برطانوی فوج کا حصہ بننے والے برائن ار کیوہرٹ نے 1945 بطور برطانوی سفارتکار اقوام متحدہ کے قیام میں اہم خدمات سرانجام دیں اور 1971 سے 1986 تک اقوام متحدہ میں خصوصی سیاسی امور کے لیے انڈر سیکرٹری جنرل کے عہدے پر فائز رہے ۔