اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز)وفاقی وزرات انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ذیلی ادارے یونیورسل سروس فنڈ اور پی ٹی سی ایل کے مابین سندھ کے مختلف اضلاع میں فائبر آپٹیکل کیبل بچھانے کے دو الگ الگ معاہدوں پر دستخط کردیئے گئے، دونوں منصوبوں پر مجموعی لاگت 3 ارب روپے سے زائد آئے گی جس کی تکمیل پر سکھر، خیرپور، کشمور اضلاع کے مختلف علاقوں کی 140 یونین کونسلوں کے 47 لاکھ سے زائد افراد کو تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولیات میسر آسکیں گی۔ معاہدے کی تقریب گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل تھے ، وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق، سیکریٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت اہم شخصیات تقریب میں شریک تھیں۔معاہدوں پر دستخط وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے سی ای او حارث محمود چوہدری اور پی ٹی سی ایل کے قائم مقام سی ای او ندیم خان نے کیئے۔منصوبوں کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ان کی تکمیل سے ۔ان اضلاع میں 5 مربع کلومیٹر کی حدود میں آنے والے 372 تعلیمی ادارے، 170 صحت کے مراکز، 217 سرکاری دفاتر اور 131 بینکوں کو تیز ترین انٹرنیٹ سے منسلک کیا جاسکے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ یہ نہایت خوش آئند اور پرمسرت موقع ہے کہ میں اپنے سندھ کے اضلاع "کشمور ، سکھر اور خ?ر پور کے لاکھوں افراد کیلئے آپٹک فائبر کیبل کے منصوبوں پر معاہدے کی اس پروقار تقریب کا گواہ ہوں۔ کیونکہ یہ میرے صوبے کے لوگوں کیلئے ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ہمارے ملک کے میں ٹیکنالوجی کے نام پر مذاق اور اقتصادی حالات کے ساتھ کھیل کھیلا جارہا تھا جس نے ترقی کے عمل کو متاثر ہی نہی بلکہ اسے ہم سے بہت دور کیئے رکھالیکن خمیازہ کروڑوں لوگوں کو بھگتنا پڑا۔عمران اسماعیل کے مطابق اب وقت تبدیل ہوچکا ہے۔۔ آج وزیراعظم کی قیادت میں اس حکومت کو عوام کے مسائل اور جدید دنیا کے تقاضوں سے مکمل آگاہی ہے۔ کچھ وقت ضرور لگے گا کیونکہ سب کچھ نئے سرے سے بنانا پڑ رہا ہے لیکن جب اس کے نتائج سامنے آنا شروع ہوں گے تو اس کے فوائد صرف اور صرف عوام کیلئے ہی ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں ڈیجیٹل پاکستان کا تصور بھی اسی ترقی کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھانے اور خود کو زمانے کی جدت سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ہے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس موقع پر وفاقی وزیر سید امین الحق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں نہ صرف وزارت آئی ٹی بلکہ ان کے تمام ماتحت اداروں خصوصا یونیورسل سروس فنڈ کی کارکردگی بے مثال ہے جو براڈ بینڈ سروسز اور آپٹیکل فائبر کے ذریعے ملک بھر میں ایک ڈیجیٹل انقلاب لانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔اپنے استقبالیہ خطاب میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا کہ جب متحدہ قومی موومنٹ کے حصے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت آئی تو ہم یہ بخوبی جانتے تھے کہ ماضی میں اس وزارت کو ہمیشہ ایک بوجھ اور ناکارہ شعبہ سمجھ کرفراموش کیا جاتا رہا یہی وجہ تھی کہ ٹیکنالوجی کے اس تیز رفتار دور میں پاکستان دیگر ممالک سے کئی دہائیوں کی دوری پر رہا بلکہ یہ کہا جائے کہ اس دوڑ میں شریک ہی نہیں ہوا تھا۔