کشمیری آج یوم حق خود ارادیت منا ئیں  گے،سیمینارز و کانفرنسز کا انعقاد ہو گا

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود کشمیری آج پانچ جنوری بروز منگل کو یوم حق خود ارادیت منا رہے ہیں ۔آج سے 71برس قبل 05 جنوری 1949 ء کو  اقوام متحدہ نے قرارداد کی منظوری دی کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے دیا جائے گا۔آج کے دن  یوم حق خود ارادیت کے موقع پر  برطانیہ ، یورپ کے علاوہ پاکستان و آزاد کشمیر میں اسلام آباد، مظفرآباد، پشاور ، لاہور میں کانفرنسز ، سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ مرکزی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہو گی جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر اور چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی کے علاوہ سابق سفارتکار ، مندوبین ، سول سوسائٹی کے رہنما ، انسانی حقوق کے کارکن اور خواتین اوریوتھ رہنما شریک ہونگے ۔دنیا بھر میں کشمیری رہنمائوںنے اس دن کے موقع پر اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی  قرارداد پر عملدرآمد کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے متنازعہ ریاست میں رائے شماری کرا کر 72 سال پہلے کشمیریوں سے کیے گئے وعدے کو پورا کرے۔ جموں و کشمیر کے تنازعہ کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 5 جنوری 1949 کی قرار داد اور دیگر اسی نوعیت کی قراردادیں آج بھی ایک ایسی حقیقت ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے لیکن بد قسمتی سے بھارت نے ان قرار دادوں پر عملدرآمد سے انکار کر کے مسئلہ کشمیر کے حل میں رکاوٹیں کھڑی کیں اسے اپنی قراردادوںپرعملدرآمد کا اہتمام کرناچاہیے۔بدقسمتی سے اس طویل مدت کے بعد بھی یہ مسئلہ حل طلب ہے ۔اس عرصے میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رکھی ہیں اور دس لاکھ فوج کشمیری عوام کو کچلنے اور دبانے میں مصروف ہے۔ کشمیری عوام نے  ہندوستان کا جبر مسترد کردیا ہے اور  وہ حق خوداردیت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن