لاہور (وقائع نگار خصوصی) پاکستان بار کونسل انتخابات کے حتمی سرکاری نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ جس میں احسن بھون کی سربراہی میں انڈی پنڈنٹ گروپ نے میدان مار لیا۔ 31 دسمبر 2020ء میں ہونے والے پاکستان بار کے انتخابات کے سرکاری نتائج کے مطابق احسن بھون کی سربراہی میں انڈی پنڈنٹ گروپ نے جسے ماضی میں عاصمہ جہانگیر کی سرپرستی حاصل رہی ہے، 23 میں سے 17 نشستیں حاصل کیں جبکہ حامد خان گروپ صرف 6 نشستیں حاصل کر سکا۔ احسن بھون کی سربراہی میں انڈی پنڈنٹ گروپ نے پنجاب سے 9، اسلام آباد کی واحد نشست، خیبر پی کے سے 3 اور سند سے 4 نشستیں جیتیں جبکہ حامد خان گروپ پنجاب سے 2، خیبر پی کے سے 1، بلوچستان سے 1 اور سندھ (فروغ نسیم حمایت یافتہ) سے 2 نشستیں حاصل کر پایا۔ نتائج کے مطابق پنجاب سے انڈی پنڈنٹ گروپ کے احسن بھون، اعظم نذیر تارڑ، عابد ساقی، حفیظ الرحمن، پیر مسعود چشتی، طاہر نصراللہ وڑائچ، قلب حسن، مرزا عزیر اکبر بیگ، حسن رضا پاشا، حامد خان گروپ کے شفقت چوہان، اشتیاق خان، سندھ سے پی ڈی ایم (حمایت یافتہ انڈی پنڈنٹ گروپ) کے فاروق نائیک، شہادت اعوان، ریاضت سہڑ، یوسف لغاری، فروغ نسیم گروپ (حمایت یافتہ حامد خان گروپ) کے عابد زبیری، شہاب سرکی، اسلام آباد سے ہارون رشید، خیبر پی کے سے انڈی پنڈنٹ کے سید امجد شاہ، خوشدل خان، فہیم ولی اور حامد خان گروپ کے طارق آفریدی، بلوچستان سے منیر کاکڑ )حامد خان گروپ) پانچ سال کیلئے رکن پاکستان بار کونسل منتخب ہو گئے۔