کور کمانڈرز کانفرنس میں کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار ، کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمائت کا بھی اعادہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کے مظالم کشمیریوں کی جدوجہد نہیں دبا سکے،پر عزم کشمیری انشااللہ کامیاب ہوں گے ، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی، ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں علاقائی اور ملکی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں سرحدوں کی صورتحال، داخلی سکیورٹی اور پیشہ ورانہ دلچسپیوں کے امور بھی کور کمانڈرز کانفرنس میں زیر غور آئے۔ اجلاس میں عسکری قیادت نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمائت کا بھی  اعادہ کیاجبکہ  بہادر کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قابض فورسز کے دہائیوں سے جاری ظلم وتشدد بھی کشمیریوں کی جدوجہد کو دبا نہیں سکا۔ انشا اللہ کشمیری کامیاب ہوں گے ۔کور کمانڈرز کانفرنس میں افغانستان میں امن عمل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال، افغانستان میں امن عمل پر ہونے والی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار، کنٹرول لائن، ورکنگ بانڈری اور مشرقی سرحدوں کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ کسی بھی جارحیت کے جواب کے لیے تربیت اور مہارت کا تسلسل لازمی ہے۔ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع قومی کوششوں کی ضرورت ہے۔ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے معاشرے کے تمام طبقوں کو مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ قومی کوششوں سے خطرات کو مکمل شکست دی جاسکتی ہے،  ہر سطح پر بہترین صلاحیت سے تمام چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے، قومی اداروں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا،شرکاء نے کووڈ 19 کے خلاف جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور مادر وطن کیلئے جانوں کا نذانہ پیش کرنے والے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ ملکی دفاع خصوصاً بلوچستان میں جانوں کا نذرانہ دینے والوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ۔ آرمی چیف نے مزید کہاکہ دہشت گردوں  اور انکے معاونین کے عزائم خاک میں ملا دئیے جائیں گے۔

#/S

ای پیپر دی نیشن