لاہور( کامرس رپورٹر)سی پی ڈی آئی کی جانب سے پاکستان میں بجٹ شفافیت کی صورتحال پر مبنی دوسری سالانہ رپورٹ جاری کر دی گئی۔ رپورٹ میں وفاقی اور صوبائی سطح پربجٹ سازی کے عمل میں پائی جانے والی خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ بجٹ تجاویز کو وسیع پیمانے پر شہری گروپوں، سرکاری اداروں اور اہم شراکت داروں کیساتھ زیربحث لایا جائے۔ بجٹ اخراجات سے متعلق سہ ماہی،ششماہی یا سالانہ رپورٹس کے باقاعدہ اجرا ء سمیت سالانہ آڈٹ رپورٹس آڈیٹر جنرل کی ویب سائٹس پر اپ لوڈ کی جائیں۔ بجٹ سازی کے عمل میں سٹیک ہولڈرز کی شمولیت کو قانونی تحفظ دیا جائے اور سرکاری اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ بجٹ سازی کے مختلف مراحل کے دوران مختلف طبقات سے مشاورت کریں۔ خصوصا بجٹ سازی اور اس پر عملدرآمد کے دوران ممبران اسمبلی کے کردار کو بڑھایا جائے۔ سٹیزن نیٹ ورک فار بجٹ اکائونٹبیلٹی کی ممبر تنظیم فا ونڈیشن فار اوئیرنیس اینڈ سوک انگیجمنٹ(فیس ) کے زیر اہتمام میڈیا بریفنگ کا اہتمام کیا گیا۔