لاہور (نیٹ رپورٹ) تین کاروباری روز میں تعطیلات کے بعد ایک مرتبہ پھر امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہو گیا۔ جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے سخت اقدامات کیے جانے کے باوجود ملک بھر میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ قوی امکان ہے کہ آئندہ ہفتے آئی ایم ایف کی طرف سے ملنے والی ایک ارب ڈالر سے زائد کی قسط کے بعد دیگر عالمی اداروں سے مزید فنڈنگ ملے گی جس کے بعد امریکی کرنسی کی قدر میں گراوٹ دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 50 پیسے مہنگا ہوا اور نئی قیمت 179 روپے ہو گئی ہے۔ دوسری طرف سٹیٹ بنک آف پاکستان کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 24 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا اور قیمت 176 روپے 51 پیسے سے بڑھ کر 176 روپے 75 پیسے ہو گئی ہے۔ دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے، 100 انڈیکس 503.95 پوائنٹس کی بڑھوتری کے بعد 45390.84 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.12 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 13 کروڑ 42 لاکھ 70 ہزار 525 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 100 ارب روپے کے قریب فائدہ ہوا۔دریں اثناء ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مسلسل دوسرے روز 100 روپے اضافہ ہوا ہے۔ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 100 روپے اضافے کے بعد ملک میں ایک تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 26 ہزار 300 روپے ہوگئی ہے۔
ڈالر پھر مہنگا ، 179کا ہو گیا، سٹاک مارکیٹ میں تیزی ، سر ما یہ کاروں کو 100ارب کا فا ہدہ
Jan 05, 2022