پی سی بی ایوارڈز 2021 کیلئے نامزدگیوں کی فہرست جاری

Jan 05, 2022

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے ایوارڈز 2021 کے لیے نامزدگیوں کی فہرست جاری کردی ہے۔ جاری کردہ فہرست کے مطابق فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کو پانچ مختلف کیٹیگریز میں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ 21 سالہ فاسٹ بالر کو سال کی سب سے متاثر کن کارکردگی، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر، ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر، ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور سال کے سب سے قیمتی کرکٹر کی کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا ہے۔ کیلنڈر ایئر 2021میں شاہین شاہ آفریدی نے تینوں طرز کی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 9ٹیسٹ میچز میں 47وکٹیں، 6 ون ڈے انٹرنیشنل میں 8وکٹیں اور 21ٹی ٹوئنٹی میں 23وکٹیں حاصل کیں۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 میں ان کی بھارت کے خلاف 31رنز کے عوض 3وکٹیں سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی کی فہرست میں شامل ہے۔ اس کیٹیگری میں ان کے علاوہ تین اور نامزدگیاں بھی ہیں۔ ادھر محمد رضوان بھی سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر اور سال کے سب سے قیمتی کرکٹر کی کیٹیگریز میں نامزد ہوئے ہیں۔ حسن علی کو سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی، ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور سب سے قیمتی کرکٹر آف دی ایئر کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ بابر اعظم، فواد عالم اور حارث رؤف کو بھی ایوارڈز کی دو، دو کیٹیگریز میں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ پی سی بی ایوارڈز 2020 کے سب سے قیمتی کرکٹر کا اعزاز حاصل کرنے والے بابر اعظم ایک بار پھر اس کیٹیگری میں نامزد ہوئے ہیں، اس کے علاوہ وہ سال کے بہترین ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر کی فہرست میں بھی شارٹ لسٹ ہوئے ہیں۔ فواد عالم سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی اور ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔ حارث رؤف کو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر کی کیٹیگریز میں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے ارشد اقبال، اعظم خان، محمد وسیم جونیئر اور شاہنواز دہانی کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں