کراچی(نیوز رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے منگل کے روز جماعت اسلامی کے تحت سندھ اسمبلی کے سامنے دیے جانے والے دھرنے کے پانچویں دن دوپہر میں دھرنے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی جماعت اسلامی کی اہل کراچی کے حقوق کی جاری جدوجہد اوردھرنے کو لسانی رنگ دینے اور مہاجر سندھی مسئلہ بنانے کی کوشش کررہی ہے کیونکہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم دونوں نے لسانیت وعصبیت کی سیاست کی ہے ۔ہماری تحریک اور جدوجہد کراچی کے ہر زبان اور علاقے سے تعلق رکھنے والوں کے حقوق کی جنگ اور تحریک ہے۔ کراچی منی پاکستان ہے اور یہاں ہر زبان بولنے اور علاقے سے تعلق رکھنے والے رہتے ہیں ۔پیپلزپارٹی نے تو نہ صرف کراچی دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے بلکہ اندرون سندھ کے غریب عوام کو بھی محکوم و مظلوم بنا یا ہے ۔پیپلزپارٹی عوامی حقوق کی جدوجہد کو لسانی رنگ دینے سے باز رہے۔ جماعت اسلامی کی تحریک پورے کے مظلوم ومحکوم عوام کی تحریک ہے ۔جماعت اسلامی کا دھرنا سردی کے موسم اور بارش کے باوجود بھی جاری رہے گا۔جمعہ 7جنوری کو امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اس دھرنے میں شرکت کریں گے ۔ہمارے احتجاجی پلان میں وزریر اعلیٰ ہاؤس کی طرف مارچ اور دھرنا بھی شامل ہے ۔سرد موسم اور بارش کے باوجود عوام دھرنے میں انتہائی نظم و ضبط اور اطمینان کے ساتھ شریک رہے اور سندھ حکومت کے خلاف پرجوش نعرے لگاتے رہے ۔منتظمین نے بارش کے پیش نظر بارش سے بچاؤ کے لیے شرکاء کے لیے شامیانے اور پلاسٹک شیٹ کا انتظام کیا۔کیمرہ مینوں اور فوٹو گرافروں کے لیے بھی پلاسٹک شیڈ لگایا گیا ۔دھرنے میں پی ایس پی کے وفد ،تاجر تنظیموں واقلیتی برادری کے رہنماؤں سمیت مختلف طبقات سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی اور دھرنے سے اظہار یکجہتی کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کالاقانون واپس لے اور2013اور2021میں بلدیاتی اداروں کے جتنے بھی اختیارات سلب کیے گئے ہیں وہ تمام اختیارات اور محکمے واپس کرے۔
جماعت اسلامی دھرنا
بلدیاتی قانون کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا پانچویں دن بھی جاری
Jan 05, 2022