کراچی(نیوز رپورٹر)متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام کالے بلدیاتی قانون کیخلاف بنارس چوک پر احتجاجی مظاہرے سے ڈپٹی کنوینر و رکن صوبائی اسمبلی کنور نوید جمیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی متعصب حکومت نے ظالمانہ اور لوٹ مار پر مبنی کالا قانون سندھ پر مسلط کرکے سندھ کے عوام کے ساتھ زیادتی روا رکھی ہے۔کنور نوید جمیل نے کہا کہ کراچی کی ترقی میں پشتون برادری کابھی بہت بڑا کردار ہے ایم کیوایم پاکستان نے بلا تفرق رنگ و نسل کراچی کی خدمت کی ہے۔ سڑکوں کی تعمیر،ہسپتالوں کا قیام کراچی کا حق ہے کراچی کے عوام ڈھائی سو ارب کا ٹیکس ہر سال قومی خزانے میں جمع کراتے ہیں جس کو سند ھ حکومت ہڑپنے کے در پے ہے کراچی کے عوام کا مطالبہ ہے انکو پینے کا صاف پانی میسر ہولیکن پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ شہری سندھ کے مسائل کبھی حل نہ ہوں۔پیپلزپارٹی کی متعصب حکومت کی ہٹ دھرمی کا یہ عالم ہے کہ کراچی کے نوجوانوں کو روزگار تک دینا نہیں چاہتی جعلی ڈومیسائل کے زریعے کراچی کے نوجوانوں کا روزگار بھی ہڑپ کررہی ہے ۔
سندھ کے شہری عوام اب اپنے مسائل کا فوری حل چاہتے ہیںاوراپنے الگ صوبے کے قیام پر مجبور ہوتے جارہے ہیں ۔ایم کیوایم پاکستان نے غریب و متوسط طبقے کے لوگوں کو اسمبلیوں میں بھیجا جہاں وہ اسمبلی وایوانوں میں اپنے حقوق کی جنگ لڑ سکیںلیکن سندھ حکومت نشے میں اتنی مست ہوگئی ہے کے اچھے و برے میں فرق کرنے کی تمیز نہیں کر ہی ہے۔کنور نوید جمیل نے مزید کہا کہ کالے بلدیاتی قانون پر ایم کیوایم پاکستان اور شہری سندھ کا احتجاج پر پورے سندھ میں پھیلنے جارہا ہے اس احتجاج میں تمام قومیتوں کے افراد شامل ہیںایم کیوایم پاکستان پیپلزپارٹی کے ظالمانہ اقدامات پر عمل ہونے نہیں دے گی۔اس موقع پراراکین رابطہ کمیٹی شکیل احمد، خالد سلطان ،اسلم آفریدی،مسعود محمود اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ،ایم او سی کے انچارج و اراکین دیگرمرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران اور بلوچستان کے صوبائی صدر عمران کاکڑ اور پختون عمائیدین کے نمائندوں نے بھی بڑی تعدادموجود تھے۔
بلدیاتی ایکٹ کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان کا بنارس چوک پر احتجاج
Jan 05, 2022