خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری،بیشتر راستے بند ہو گئے

ایبٹ آباد مری روڈ سمیت رابطہ سٹر کیں ٹریفک کے لئے بند ،سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد بدستور جاری

خیبرپختونخو ا کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کے باعث بیشتر راستے پیدل آمد و رفت کے لئے بند ہو گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے سیاحتی مقامات نتھیا گلی ،ایوبیہ اور دونگاگلی میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ایبٹ آباد مری روڈ سمیت رابطہ سٹر کیں ٹریفک کے لئے بند ہو گئیں۔رابطہ سڑکوں کی بندش اور بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مشینری برف باری سے متاثرہ شاہراہ سے برف ہٹانے میں مصروف ہے ۔موسم سرما کے آغاز سے شہر میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ایبٹ آباد کے پرفضا سیاحتی مقام نتھیا گلی،ڈونگا گلی،ایوبیہ سمیت دیگر علاقوں میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بھی بند ہو چکی ہیںتاہم پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ کے سیاحوں کو بھی راغب کیا ہے جس سے بڑی تعداد میں سیاح برف باری سے لطف اندوز ہونے ان مقامات پر موجود ہیں۔اسی طرح خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں بارش اور برف باری کا سلسلہ تا حال جاری ہے اور ملک بھر سے ہزاروں سیاح برف باری دیکھنے کے لئے آرہے ہیں ۔مالم جبہ،کالام اور دیگر بالائی علاقوں میں سیاحوں کا غیر معمول رش لگ گیا ہے ۔اسی طرح وادی کاغان میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور پہاڑوں پر ہونے والی برف باری نے نظاروں کو مزید حسین بنا دیا ہے جبکہ سفید چادر اوڑھے پہاڑ اور آسمان سے گرتے برف کے سفید گولوں نے وادی شوگران کے حسن کو مزید نکھار دیا ہے تاہم کئی مقامات پر رابطہ سڑکوں کی بندش اور بجلی لوڈشیڈنگ سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے ۔سیاحوں کی بڑی تعداد شوگران میں برف باری سے لطف اندوز ہونے پہنچ آئی ہے ۔اب تک شوگران میں ایک فٹ جبکہ ناران و ملحقہ وادیوں میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے ۔

ای پیپر دی نیشن