اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت نے معیشت کی بحالی کا منصوبہ تیار کر لیا اور جلد ہی قومی اسمبلی سے منی بجٹ منظور کرایا جائے گا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے معیشت کی بحالی کے 10 سالہ جامع مجوزہ منصوبے کے مطابق ٹارگٹڈ سبسڈی صرف کم آمدن طبقے کو دی جائے گی۔ پیٹرولیم مصنوعات اور گیس پر پیٹرولیم لیوی 70 سے 100 روپے فی لیٹر کرنے، دکانداروں اور تاجروں پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے۔ صوبوں کو منتقل کیے جانے والے فنڈز گیس اور بجلی کے شعبے میں لائن لاسز سے منسلک کر دیئے جائیں گے۔ گزشتہ پیر کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیے گئے اس مجوزہ منصوبے کے مطابق پٹرول، بجلی اور گیس کی راشننگ کے ذریعے جاری کھاتوں کا خسارہ پورا کیا جائے گا۔ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کا تعین مارکیٹ کی بنیاد پر کرنے، ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری، مقامی اور غیر ملکی قرض کی ری سٹرکچرنگ کی تجویز بھی اس منصوبے میں شامل ہے۔
منی بجٹ