لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین، سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی آج جمعرات، 5جنوری کو 95ویں سالگرہ انتہائی جوش و خروش سے منائی جائے گی اور پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ملک بھر میں سالگرہ کی تقریبات، سیمینارز کا انعقاد اور کیک کاٹے جائیں گے۔ ذوالفقار علی بھٹو کی 95 ویں سالگرہ کی مرکزی تقریب آج بلاول ہاؤس کراچی میں ہو گی جبکہ پارٹی سطح پر صوبائی سے یونین کونسل لیول تک تقریبات، سیمنارز اور کیک کاٹنے کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے زیر اہتمام ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں دس پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا جائے گا۔ جس میں قائم مقام صدر رانا فاروق سعید، شہزاد سعید چیمہ، فیصل میر اور دیگر عہدیدار شرکت کریں گے۔ بھٹو لیگیسی کونسل، پیپلز پارٹی وویمن ونگ لاہور، ڈسٹرکٹ تھری کے صدر چودھری عاطف رفیق کے ڈیرے، دھلی گیٹ اور ویلنشیا ٹاؤن میں بھی کیک کاٹنے کی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی لاہور اربن کے زیر اہتمام 8 جنوری کو ڈسٹرکٹ صدر فور امجد جٹ کے ڈیرے پر بھی سالگرہ کیک کاٹا جائے گا۔ دریں اثناء سابق صدر آصف علی زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں دنیا بھر میں آباد ان کے جیالوں اور حامیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 43 سال قبل عدالتی قتل کے بعد بھی بھٹو عوام کے دل پر حکمرانی کر رہے ہیں۔ ان کے مزار پر کروڑوں انسان اپنے عقیدے کے مطابق دعاؤںکے تحفے ان کے نام کرتے ہیں جبکہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے قاتلوں اور قتل کی سازش میں شریک کرداروں کی قبریں ویران ہیں۔ انہوں نے مختصر مدت میں عوامی شعور کی ایسی شمع روشن کی جس کی وجہ سے عوام کا استحصال کرنے والے طبقات کے قلعے زمین بوس ہو گئے۔
بھٹو سالگرہ