سیلاب متاثرین کی بحالی اور  تعمیر نو کیلئے بھی ایشیائی بنک کا تعاون چاہتے ہیں بلاول

Jan 05, 2023


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ این این آئی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 2022ء میں تباہ کن سیلاب کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون کے شکرگزار ہیں۔ سیلاب کے بعد متاثرین کی بحالی اور تعمیرنو کیلئے بینک کے مزید تعاون کے خواہاں ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پیغام کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر شی ژن چن سے بات کرتے ہوئے خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیرنو کا کام جاری ہے، ایشیائی ترقیاتی بنک کے نائب صدر Chen Shixin سے ٹیلیفونک پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے یقین ظاہر کیا کہ اپنے شراکت داروں کے تعاون سے ہم موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مضبوط پاکستان کی دوبارہ تعمیر کریں گے۔ این این آئی کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سابق گورنر سلمان تاثیر کی برسی کے موقع پر کہا ہے کہ  سلمان تاثیر کی جدوجہد کو سرخ سلام پیش کرتے ہیں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کا اثاثہ تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی سلمان تاثیر کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
بلاول

مزیدخبریں