الیکشن شیڈول کے بعد تقرریاں ہائیکورٹ نے سندھ حکومت سے رپورٹ طلب کر لی

Jan 05, 2023


کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ سٹاف رپورٹر) الیکشن کمشن آف پاکستان کے نوٹس پر سندھ حکومت نے حیدر آباد سمیت کراچی کے ضلع شرقی اور ضلع کورنگی کے ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔ سندھ حکومت نے حیدر آباد، میونسپل کارپوریشن سمیت ضلع شرقی اور ضلع کورنگی کے نئے تعینات ہونے والے ایڈمنسٹریٹرز کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات سے قبل ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سندھ حکومت کو الیکشن شیڈول کے بعد تمام تقرریوں، تبادلوں کا جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو بلدیاتی انتخابات سے قبل ایڈمنسٹریٹرز تعینات کرنے سے متعلق پی ٹی آئی اور وکیل خادم حسین کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی کے وکیل شہاب امام ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کالعدم ہوگئی مگر چارج نہیں چھوڑے جا رہے۔ عدالت سندھ حکومت سے عمل درآمد رپورٹ طلب کرے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن دیکھے اور عمل درآمد رپورٹ منگوائے۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتیوں کا نوٹیفیکیشن واپس لے لیا گیا۔ ایڈووکیٹ شہاب امام نے موقف دیا کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد تقرریاں غیر قانونی ہیں۔ 
سندھ ہائیکورٹ

مزیدخبریں