وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز کا این ایچ اے ملازمین کیلئے بڑا اقدام 


اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)  وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے آج اسلام آباد۔پشاور موٹروے(M-1) اور اسلام آباد۔لاہور موٹروے(M-2) سے متصل این ایچ اے کی وسیع اراضی کا تفصیلی دورہ کیا۔جہاں انہیں مذکورہ منصوبے کے کنسلٹنٹ نے مفصل بریفنگ دی۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر)محمد خرم آغا اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ  نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ملازمین کو  بہترین رہائشی سہولیات مہیا کرنے کیلئے مذکورہ اراضی پر مختلف نوعیت کے رہائشی  اپارٹمنٹس انتہائی آسان اقساط پر فراہم کئے جائیں گے۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر مذکورہ موٹرویز پر مزید 2 لوپس بنانے کا حکم صادر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور،پشاور اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ جانے والے مسافروں کی آسانی کیلئے یہ ٹھوس قدم اٹھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت مواصلات انقلابی اقدامات اٹھا کر تعمیری اور ترقیاتی عمل میں برق رفتاری لانا چاہتی ہے تاکہ عوام ان بنیادی سہولیات سے استفادہ کرسکیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ این ایچ اے کے ملازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں اور مراعات دینا چاہتے ہیں تاکہ وہ پوری لگن اور محنت سے تمام تر تعمیراتی اور ترقیاتی عمل کو بروقت کامیابی سے ہمکنار کرسکیں۔اس حوالہ سے این ایچ اے کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ یہ رہائشی اپارٹمنٹس این ایچ اے کی 121کنال اراضی پر تعمیر کئے جائیں گے اور  مختلف نوعیت کے یہ شاندار اپارٹمنٹس تمام تر سہولتوں سے آراستہ ہوں گے۔ان رہائشی اپارٹمنٹس کی تعمیر عالمی معیار کے مطابق ہوگی۔گرین ایریاز،بچوں کیلئے مختلف کھیلوں کے میدان،ان ڈور اور آٹ ڈور گیمز،بچوں کے پارکس،جونیئر کلاسز کیلئے سکول اور مساجد بھی تعمیر کی جائیں گی۔ 

ای پیپر دی نیشن