اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)شہدا ئے اسلام بالخصوص شہدا مدافعان فلسطین و کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران میں پروگرام بعنوان'' شہدا اسلام محور وحدت اسلامی'' کا انعقاد۔ تقریب میں مقررین نے شہید حاج قاسم سلیمانی کی لازوال شہادت اور عالم اسلام کی یکجہتی واتحاد کیلئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر ایران کے رہبر اعلی سید علی خامنہ ای کے دلیرانہ موقف اور حکمت عملی کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات جمہوری اسلامی ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی ایمان رکھتے تھے کہ پاکستان کی سالمیت دراصل ایران کی سالمیت ہے اوراگر پاکستان پر خدانخواستہ کوئی آنچ آتی ہے تو سب سے پہلے پاکستان کی بقا کے لئے اپنا خون بھانے سے بھی دریغ نہیں کروں گا۔ شہید سلیمانی کی کامیابی کا راز ثابت قدمی اوران کا خلوص تھا.انہوں نے اپنی زندگی میں اسلام مخالف قوتوں اور داعش جیسے خطرناک تکفیری گروہ کے مقابلے کے دوران ثابت قدمی کامظاہرہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک نوجوانان پاکستان کے سربراہ عبداللہ گل نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی کو ذاتی طورپر جانتا ہوں انہوں نے جو راستہ اپنایا وہ واقعہ کربلا سے سبق لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید سلیمانی نے یہ بتایا کہ جہاں انسان محکوم ہے وہاں انقلاب اسلامی کا پیغام پہنچ جاتا ہے۔ شہید سلیمانی نے اپنے آج کو نئی نسل کے کل کیلئے قربان کیا۔ عبداللہ گل نے کہا کہ امریکہ نے ایک ملک کے سرکاری مہمان کو قتل کرکے نہ صرف ریاستی دہشت گردی کی بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی خانہ فرہنگ ایران راولپنڈی آقای فرامرز رحمان زاد نے کہا اگر شہید سردار حاج قاسم سلیمانی ،ابومہدی المہندس اوردیگر شہدا کی قربانیاں نہ ہوتیں تو آج ہم سے جینے کا حق چھن چکا ہوتا اور ہم ہر روزاسلامی ملکوں کی تقسیم اور ایشیا کے تمام ملکوں میں مسلمانوں کے قتل عام کا مشاہدہ کررہے ہوتے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا گلزار نعیمی نے کہا کہ شہید سلیمانی نے مزاحمت اورمقاومت کو زندہ رکھا جو قومیں مزاحمت اورمقاومت نہیں کرتیں وہ مٹ جاتی ہیں انہوں نے کہا مغربی ممالک خاص طورپر امریکہ مسلمانوں کے اتحاد و اتفاق کو ختم کرنے کے لئے مختلف حربے استعمال کررہے ہیں جن کو ناکام بنانے کے لئے تمام اسلامی ممالک کو شہید سلیمانی کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے۔
شہید سلیمانی کی کامیابی کا راز ثابت قدمی، خلوص تھا ، سید محمد علی حسینی
Jan 05, 2023