راولپنڈی ( نوائے وقت رپو رٹ ) چیئرمین متحدہ علماء محاذ پنجاب علامہ پیر اظہار بخاری ‘ صدر آغا نیئر عباس جعفری اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل طاہر عباس نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی عنقریب اپنی منزل تک پہنچنے والی ہے۔ان شاء اللہ آزادی کا سورج طلوع ہوکر رہے گا، پانچ جنوری یوم خود ارادیت کی مناسبت سے منعقدہ نشست میں دینی راہنماؤں نے سیکرٹری اقوام متحدہ سے منطور شدہ قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔علامہ پیر اظہار بخاری اورآغا نیئر عباس جعفری کہا کہ پانچ جنوری کو ہر سال دنیا بھر میں مقیم کشمیری یومِ حق خودارادیت کے طور پر مناتے ہیں 5 جنوری 1949 کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ قرار داد کے ذریعے بھارت سے کہا تھا کہ وہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لئے حقِ خودارادیت کا موقع فراہم کرے۔ بھارت اب تک اپنا وعدہ پورا نہ کرسکا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کو سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے پر مجبور کرے ۔طاہر عباس نے کہا کہ 1989 سے 2022 تک 96,156نہتے کشمیری بھارت کی سفاکی کی بھینٹ چڑھ چکے۔ یورپی یونین سمیت عالمی برادری کے کئی حلقوں نے ماضی قریب میں ایک سے زیادہ مرتبہ بھارت پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ ریاست میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور اس مسئلے کا کوئی ایسا حل نکالا جائے جو فریقین کے لئے قابلِ قبول ہو۔
پانچ جنوری: اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل در آمد کرائے، علماء متحدہ محاذ
Jan 05, 2023