کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد کی خصوصی ہدایت پرڈائریکٹر سید محمد ارسلان کی زیر نگرانی سخت سردی کے موسم میں فائونڈیشن کی جانب سے ملک بھر کے ہزاروں ضرورت مند خاندانوں کو موسم سرما میںمحفوظ رکھنے کے لیے ملک گیر گرم کمبلوں کی تقسیم اور مفت طبی کیمپ کے انعقاد کا آغاز کردیا گیا جس کے پہلے مرحلے میںاندرون سندھ کے کئی دیہاتوںمیںایک ہزار کمبل تقسیم کیے گئے۔ دوسرے مرحلے میںکمبلوں کی تقسیم کا دائرہ کے ملک کے دیگر حصوں تک پھیلایا جائے گا۔ مہم کے پہلے مرحلے کے دوران سندھ کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے ضرورت مند ہم وطنوں میں ہمدرد پاکستان کے کارکنان نے انتہائی احترام اور ان کی عزت نفس مجروع کیے بنا ایک ہزار سے زائد کمبل تقسیم کیے۔مزید برآں اس موقع پر ہمدرد فائونڈیشن کی تجربہ کار اطباء اورمیڈیکل اسٹاف پر مشتمل طبی ٹیم نے تھرپارکر، عمر کوٹ، مٹھی، کھوکھراپار ، بھیرانی اور کھپرو کے دیہاتوں سمیت دیہی سندھ کے کئی علاقوں کی مقامی آبادیوں کا مفت طبی معائنہ کیا اور ادویہ تقسیم کیں۔ان طبی کیمپوں سے پانچ ہزار سے زائد مریض مستفید ہوئے۔