کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی)کے صدر محمد طارق یوسف نے یونیورسٹی روڈ پر مسلسل ٹریفک جام پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک پولیس حکام سے درخواست کی ہے کہ یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک جام سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کی جائے جو کراچی کی مصروف ترین سڑکوں میں سے ایک ہے۔ اس روڈ پر اضافی ٹریفک پولیس اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائی جائے تاکہ صبح اور شام کے اوقات میں ٹریفک کی روانی کو ممکن بنایا جاسکے اور غریب عوام جو ہر روز شدید اذیت سے دوچار ہو رہے ہیں انہیں منزل تک پہنچنے میں کچھ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔صدر کے سی سی آئی نے ڈی آئی جی پی ٹریفک احمد نواز چیمہ کو بھیجے گئے خط میں کہا کہ کراچی چیمبر کو نہ صرف اپنے ممبران بلکہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد کی جانب سے بھی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں جو یونیورسٹی روڈ پر مسلسل ٹریفک جام کی صورتحال اور ٹریفک کی روانی میں خلل کی شکایت کر رہے ہیں جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ کی تعمیر کے لیے جاری ترقیاتی کام کے علاوہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے کرکٹ میچز یونیورسٹی روڈ پر مسلسل ٹریفک جام کی اہم وجوہات ہیں۔ ویسے تو کرکٹ میچز فی الوقت اختتام پزیر ہوچکے ہیں لیکن یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کے لیے مناسب ڈائیورشن نہ ہونے اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام کی پریشانیاں کم نہیں ہو پارہیں بالخصوص ایسے حالات میں جب بڑی تعداد میں موٹر سائیکل سوار حتیٰ کہ رکشہ ڈرائیور بھی بے خوف ہو کر یک طرفہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں جس سے صورتحال مزید خراب ہوتی ہے اور مسافر گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں۔صفورا چورنگی کے قریب یونیورسٹی روڈ پر تجاوزات اور ٹھیلوں کی بھرمار رکاوٹوں کا باعث بن رہے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی مکمل طور پر رک جاتی ہے اور گاڑیاں مکمل طور پر پھنس جانے کی وجہ سے چاروں طرف گڑبڑ ہوجاتی ہے جبکہ موٹرسائیکل سوار اپنی بائیک کو فٹ پاتھوں پر چلانے کے لیے اٹھاتے ہوئے نظر آتے ہیں تاکہ وہ کسی طرح ٹریفک جام سے بچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہوگا جبکہ ٹریفک کی روانی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ون وے اصول پر بھی سختی سے عمل درآمد ضروری ہے۔انہوں نے ڈی آئی جی پی ٹریفک سے درخواست کی کہ وہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کو یونیورسٹی روڈ پر باالخصوص صبح اور شام کے اوقات میں ٹریفک کی روانی کو مناسب طریقے سے یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کریں تاکہ عوام شدید پریشانی کے بغیر وقت پر اپنی منزل پر پہنچ سکیں۔
کراچی چیمبر کا شہر میں ٹریفک جام پر تشویش کا اظہار
Jan 05, 2023