ایس ای سی پی کا مارکیٹ شراکت داروں سے رابطہ پر زور 

Jan 05, 2023


کراچی ( کامرس رپورٹر)چئیرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان عاکف سعید نے کپیٹل مارکیٹ کے تمام شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطہ اور مشاورت پر زور دیا ہے۔ چئیر مین ایس ای سی پی اپنی ٹیم کے ساتھ پاکستان اسٹاک ایکسچینج، نیشنل کلئرنگ کمپنی آف پاکستان کا دورہ کیا اور مارکیٹ کی ترقی اور فروغ کے لئے اصلاحات پر مشاورت کی۔ چئیرمین ایس ای سی پی کے ساتھ کمشنر سکیورٹیز مارکیٹ عبدلرحمان وڑائچ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسرت جبین اور سکیورٹیز مارکیٹ پالیسی کے سربراہ آصف اقبال شامل تھے۔ عاکف سعید اور ان کی ٹیم نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو فرخ خان، سٹاک مارکیٹ بورڈ کے اراکین اور سٹاک مارکیٹ بروکرز کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔ چئیرمین ایس ای سی پی نے سٹاک مارکیٹ کے عہدیداران اور بروکرز کے نمائندوں سے مارکیٹ کی کارکردگی بڑھانے، نئی لسٹنگ کو فروغ دینے اور ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کے اکاوئنٹ کھولنے کو آسان بنانے کے لئے تجاویز پر مشورت کی۔ اس کے علاوہ ٹیکس سے متعلقہ اصلاحات، پنشن اسکیموں اور نئی مالیاتی مصنوعات، ایکس چینج ٹریڈیڈ فنڈز، فکس انکم پراڈکٹ پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران سی پیک کے منصوبوں کو اسٹاک ایکس چینج پر لسٹ کرنے کے امکان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بعد ازاں، نیشنل کلئرینگ کمپنی میں ہونے والے اجلاس میں کلئرنگ کمپنی کے رسک مینجمنٹ کے اقدامات اور اصلاحات، نئی شریعہ کمپلائنٹ پراڈکٹ اور گورنمنٹ ڈیٹ سکیورٹیز کو فروغ دینے کا جائزہ لیا گیا۔ چئیرمین ایس ای سی پی نے سرمایہ کاروں کی آگہی اور تحفظ کے لئے اقدامات کرنے پر زور دیا۔  علاوہ ازیں، سٹاک مارکیٹ بروکر ایسوسی ائیشن کے وفد سے بھی ملاقات کی گئی  اور بروکر انڈسٹری کے تحفظات کا جائزہ لیا گیا اور ان کی آسانی اور کاروبار کو بہتر ماحول فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ 

مزیدخبریں