ترکیہ کے کمرشل اتاشی کی ٹڈاپ کے سی ای سے ملاقات


کراچی (کامرس رپورٹر) ترکیہ قونصلیٹ کے کمرشل اتاشی Eyyup Yildrumکی سربراہی میں وفد نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ٹڈاپ) کے چیف ایگزیکٹیو زبیر موتی والا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت کے فروغ کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر کمرشل اتاشی کے ہمراہ ترکیہ کے معروف صنعتکار اور تاجر بھی موجود تھے۔ انہوںنے بتایا کہ پاکستان سے تجارت کے فروغ کیلئے 26جنوری 2023کو ترکیہ سے 40رکنی تجارتی وفد جس میں 30سرفہرست کمپنیوں کے نمائندے جن کا تعلق ٹیکسٹائل، فرنیچر، کیمیکل، زرعی مشینری وغیرہ سے ہے پاکستان کو دورہ کریں گے۔انہوں نے زبیر موتی والا کو آگاہ کیا کہ ترکیہ کا تجارتی وفد پاکستان کی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں سے تجارت کے فروغ کیلئے ملاقات میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اس موقع پر ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹیو زبیر موتی والا نے کمرشل اتاشی Eyyup Yildrumکو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے۔ پاکستانی مصنوعات کی اہم مارکیٹ ترکیہ میں موجود ہے جبکہ یورپ کی منڈی تک بھی ترکیہ کی مدد سے رسائی ممکن ہے۔ زبیر موتی والا نے کہا کہ امید ہے کہ ترکیہ کے تجارتی وفد سے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور دوطرفہ تجارت بھی بڑھے گی۔ 

ای پیپر دی نیشن