صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا ہے۔کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کے حوالے سے اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام گزشتہ 74 برسوں سے اپنا حق خود ارادیت استعمال نہیں کر رہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ وہ انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کے ساتھ آزادی کے لیے ان کی مرضی کو توڑ سکیں۔صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 اگست 2019 سے بھارت کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین پر اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی شیطانی مشق میں مصروف ہے۔ وزیر اعظم ے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کی یاد منانے کا مقصد عالمی برادری کو مظلوم کشمیری عوام کے تئیں اس کی ذمہ داری یاد دلانا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنے وعدوں کا احترام کرے اور کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرے۔