مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے حق خودارادیت کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں اسرائیل جیسی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات تمام بین الاقوامی قوانین اور چوتھے جنیوا کنونشن کے منافی ہیں۔مشیر نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے کہا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔