سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور گرین کیپس کا پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں آغاز مایوس کن رہا اور صرف دو رنز پر 2 وکٹیں گر گئیں۔دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا لیکن عبد اللہ شفیق ایک بار پھر پہلے ہی اوور میں صفر پر بولڈ ہو گئے جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے کپتان شان مسعود کو اننگز کے دوسرے اوور میں پہلی ہی گیند پر پویلین بھیج دیا۔قبل ازیں پاکستان کے 313 رنز کے جواب میں آسٹریلیا پہلی اننگز میں 299 رنز بنا کر آؤٹ ہو گیا، گرین کیپس کو پہلی اننگز میں 14 رنز کی سبقت حاصل ہو ئی۔پہلے سیشن میں آسٹریلوی بیٹر اسٹیو اسمتھ 38 اور مارنس لبوشین 60 رنز بناکر آوٹ ہوئے، آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 187 رنزپرگری، چوتھی وکٹ بھی 188 رنز ہی پر گر گئی، اسٹیواسمتھ کو میرحمزہ نے آؤٹ کیا جبکہ مارنس لبوشین سلمان آغا کی گیند کا شکار ہوئے۔آسٹریلیا کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ٹریوس ہیڈ تھے جو 10 رنز بنا کر عامر جمال کا شکار بنے جبکہ 289 کے مجموعے پر ایلکس کیری بھی 38 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے، مچل مارش 54 رنز اور ناتھن لیون 5 رنز پر عامر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، جوش ہیزل ووڈ کو بھی عامر جمال نے صفر پر آؤٹ کیا۔پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سلمان علی آغا کے حصے میں دو وکٹیں آئیں، ایک ایک کھلاڑی کو ساجد خان اور میر حمزہ نے آؤٹ کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش 54 اور مارنس لبوشین 60 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عثمان خواجہ نے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔