لاہور(نامہ نگار)پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر،سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے الیکشن کمشن پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں موجود سیاسی خلفشار الیکشن کمشن کی کمزور پالیسیوں کا شاخسانہ ہے۔ اسی لئے دیگر سیاسی جماعتیں مصنوعی حیلے بہانوں سے انتخابات ملتوی کرنے کی بات کرتی ہیں۔ کیوں کہ سیاسی قوتیں جان چکی ہیں کہ عوام کے مسائل مرد حر آصف ذرداری اور بلاول بھٹو کے سوا کوئی حل نہیں کر سکتا۔ یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن و چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادرشاہین کے ہمراہ مخدوم ہاوس لاہور میں پارٹی رہنماوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے پیپلز پارٹی کے منشور میں قومی ترقی اور خوشحالی کا جو روڈ میپ دیا ہے وہ زمینی حقائق کے عین مطابق ہے۔