اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) 9 مئی واقعات پر انسداد دہشت گردی عدالت سے بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔ عدالت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر رہنماؤں کو عدالت طلب کیا گیا تھا۔ تھانہ سول لائن میں حساس ادارے کے دفتر پر حملے اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی فواد چودھری، زرتاج گل، شہباز گل اور دیگر رہنماؤں کو نامزد کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز توشہ خانہ ریفرنس کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ توشہ خانہ کیس اور 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں کی۔ سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی اور عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم کی کارروائی کیلئے کل 6 جنوری کی تاریخ مقرر کر دی۔ توشہ خانہ ریفرنس اور 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں ملزموں کی درخواست ضمانت پر فیصلہ بھی 6 جنوری کو ہوگا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کرنے کی جاری تحریری حکم نامہ میں عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ جیل کو میڈیا کی کمرہ عدالت میں موجودگی یقینی بنانے سے متعلق عملدرآمد کا حکم دے دیا۔