پاک بحریہ کے تعاون سے بارا کوڈا مشق کا بحیرہ عرب میں انعقاد 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) بارہویں بین الاقوامی مشق بارا کوڈا کا سمندری مرحلہ جمعرات کو شمالی بحیرہ عرب میں منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے اور انہوں نے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہاز کشمیر میں مشق کے سمندری مرحلے کا مشاہدہ کیا۔ مشق کے سمندری مرحلے میں پاک بحریہ، پی ایم ایس اے، پاکستان ایئر فورس اور دیگر قومی سٹیک ہولڈرز کے فضائی اور زمینی اثاثوں نے حصہ لیا۔ پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کے ہوائی جہازوں، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز اور پی ایم ایس اے کے بحری جہازوں نے تیل کے اخراج کو روکنے، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز اور بحری قذاقی کے خلاف مشقوں کا مظاہرہ کیا۔ ان مشقوں کا مشاہدہ پندرہ غیر ملکی مندوبین اور مختلف قومی سٹیک ہولڈرز کے نمائندوں نے کیا۔ غیر ملکی مندوبین نے سمندر میں کسی بھی آفت سے نمٹنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز خصوصاً پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کی کوششوں کو سراہا۔  اس سے قبل مشق کی افتتاحی بریف کراچی میں منعقد ہوئی۔ غیر ملکی مندوبین اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے وفود نے بھی اس بریف میں شرکت کی جس میں مشق کے مقاصد پر روشنی ڈالی گئی۔ مزید برآں، قومی اور بین الاقوامی مقررین نے تیل کے اخراج اور سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو کے ردعمل پر مقالے پیش کیے۔

ای پیپر دی نیشن