اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ نوائے وقت) نامور سیاستدان اور سابق وزیر خزانہ سرتاج عزیز مرحوم کی رسم سوئم و اجتماعی دعا جمعرات کو 15۔B چک شہزاد فارم ہاؤس اسلام آباد میں ادا کی گئی جس میں نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، سابق چیئرمین سینٹ وسیم سجاد، سابق وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، سابق وفاقی وزیرِ داخلہ اعتزاز احسن، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل (ر) احسان الحق، سابق وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر گلفراز، سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ (ن) احسن اقبال، مسلم لیگ (ن) کے رہنما انجم عقیل خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر، سابق معاون خصوصی طارق فاطمی، سابق گورنر خیبر پی کے اقبال ظفر جھگڑا، مسلم لیگ (ن) کے رہنما صدیق الفاروق سمیت سینئر سرکاری و ریٹائرڈ افسران، سیاسی، سماجی رہنمائوں اور شہریوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ رسم سوئم میں شرکاء نے قرآن خوانی کی اور سرتاج عزیز مرحوم کے ایصالِ ثواب، بلندی درجات اور پسماندگان کے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ سرتاج عزیز مرحوم کے چھوٹے بھائی بریگیڈیئر (ر) کمال عزیز سے رسم سوئم و اجتماعی دعا میں شرکت کیلئے آنے والوں نے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ اجتماعی دعا کے بعد بریگیڈیئر (ر) کمال عزیز نے شرکاء کی جانب سے ان کے بڑے بھائی کے انتقال کے غم میں شامل ہونے پر فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔ اجتماعی دعا کے شرکاء نے سرتاج عزیز مرحوم کی ملک و قوم کیلئے لازوال خدمات پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ طارق فضل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ سرتاج عزیز نے تحریک پاکستان، ملکی خارجہ پالیسی، اکنامک ریفامز میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ صدیق الفاروق اور انجم عقیل نے کہا کہ مرحوم کی وفات سے ملک ایک قابل شخصیت سے محروم ہو گیا۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔
سرتاج عزیز کا سوئم، وزیر خارجہ سمیت اہم شخصیات کی شرکت
Jan 05, 2024