خارجہ پالیسی کا مقصد امن، فائدہ مند تعلقات ہونا چاہئے: وزیراعظم

Jan 05, 2024

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سفیروں کی کانفرنس میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ کانفرنس میں اہم دارالحکومتوں سے پاکستان کے سفیر شریک ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ کانفرنس میں خارجہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔ نگران وزیر خارجہ نے سفیروں کی کانفرنس کے فریم ورک کو اجاگر کیا۔ جلیل عباس جیلانی نے دفتر خارجہ کے کردار کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مقصد پوری دنیا میں امن اور باہمی فائدہ مند تعلقات کیلئے ہونا چاہئے۔ پاکستان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کیلئے کھڑا رہے گا۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اقتصادی سفارت کاری کو مرکزی دھارے میں لانا اور فلسطینی کاز کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ لڑے گا، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عوامی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی ہمیشہ حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس خطے اور دنیا بھر میں ہونے والی تبدیلیوں کے پس منظر میں بروقت اور متعلقہ ہے۔ نگران وزیراعظم نے دفتر خارجہ اور پاکستانی سفارتکاروں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے۔ قطر کی جانب سے غزہ میں عارضی جنگ بندی کے لئے سفارتی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ فلسطین میں امن کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ پاکستان میں قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخاطر نے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے یہاں ملاقات کی۔ نگران وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ نگران وزیراعظم نے قطر کے امیر کے لئے تہنیتی پیغام دیا۔

مزیدخبریں