لاہور؍ چنیوٹ (نمائندہ نوائے وقت+ ایجنسیاں) دھند کے باعث چنیوٹ میں ٹریفک کے حادثات کے دوران تین خواتین سمیت چودہ افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاع پر ریسکیو 1122 کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا۔ این این آئی کے مطابق پنجاب سمیت ملک کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث ملک بھر میں فلائٹ آپریشن متاثر ہو کر رہ گیا اور 24 پروازیں اڑان نہ بھر سکیں۔ جبکہ موٹرویز کو بھی مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔ دھند کے باعث ملکی اور غیر ملکی 50سے زائد پروازوں کی آمدورفت تاخیر کا شکار ہوئی۔ اسلام آباد کے خراب موسم کے باعث نجی ایئر لائن کی جدہ سے اسلام آباد کی پرواز کی لاہور میں لینڈنگ کرائی گئی۔ نجی ایئر لائن کی مسقط سے سیالکوٹ کی پرواز کی بھی لاہور میں لینڈنگ ہوئی۔ شارجہ سے پشاور کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 258 کی کراچی میں لینڈنگ کرائی گئی۔ اسلام آباد سے ابوظہبی کی پرواز پی کے 261، دبئی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 234منسوخ کر دی گئیں۔ لاہور سے کوئٹہ کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 322 اور کراچی سے سکھر کی پی آئی کی پرواز 530اور 531بھی اڑان نہ بھر سکیں۔ جبکہ شدید دھند کے باعث ٹرینوں کا شیڈول معمول پر نہ آسکا۔ کراچی سے آنے والی قراقرم ایکسپریس 4گھنٹے 40منٹ تاخیر کا شکار ہوئی۔ پاکستان ایکسپریس 4گھنٹے 30منٹ لیٹ پہنچی، ملت ایکسپریس 4گھنٹے 20، رحمان بابا ایکسپریس 3گھنٹے 20 منٹ جبکہ فرید ایکسپریس 2 گھنٹے لیٹ ہوئی ۔ خیبر میل ایکسپریس 1گھنٹہ 40منٹ، تیز گام ایکسپریس 1گھنٹہ 30منٹ، علامہ اقبال ایکسپریس 1گھنٹہ 20 منٹ، شالیمار ایکسپریس 1گھنٹہ 15منٹ، کراچی ایکسپریس اور جعفر ایکسپریس 1گھنٹہ 10منٹ لیٹ ہوئی۔ اس کے علاوہ پاک بزنس، گرین لائن ایکسپریس، عوام ایکسپریس 1،1 گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئیں۔
شدید دھند کے باعث پروازیں لیٹ، ٹرینیں منسوخ، موٹرویز بند، ٹریفک حادثات میں 14افراد زخمی
Jan 05, 2024