سڈنی ٹیسٹ میں بھی پاکستان ٹیم پر شکست کے بادل منڈلانے لگے۔ باؤلرز نے اپنا کام دکھایا لیکن بلے باز پھر ناکام ہوگئے۔ چودہ رنز کی سبقت حاصل کرنے کے بعد دوسری اننگز میں صرف 68 کے سکور پر سات کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق عامر جمال کی شاندار باؤلنگ پر پاکستانی بلے بازوں نے پانی پھیر دیا۔ سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز وکٹوں کی جھڑی لگ گئی۔ آسٹریلیا کے آٹھ اور پاکستان کے سات کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کے 313 رنز کے جواب میں میزبان آسٹریلوی ٹیم 299 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ مارنس لبوشین اور مچل مارش نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا کے آٹھ کھلاڑیوں نے مجموعی اسکور میں 183 رنز کا اضافہ کیا، مارنس لبوشین 60 اور مچل مارش 54 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے، ایلیکس کیری اور سٹیون نے 38، 38 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے باؤلنگ میں عامر جمال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ، آغا سلمان نے دو جبکہ میر حمزہ اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔14 رنز کی معمولی برتری کے بعد پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات کا شکار ہوگئی۔ صرف 68 کے سکور پر اس کی سات اہم وکٹیں گرگئیں، عبداللہ شفیق، کپتان شان مسعود، آغا سلمان اور ساجد خان کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ صائم ایوب 33، بابر اعظم 23، سعود شکیل 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان 6 اور عامر جمال بغیر کسی سکور کے کریز پر موجود ہیں۔آسٹریلیا کے ہیزل ووڈ نے چار، مچل سٹارک، ناتھن لین اور ٹریوس ہیڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے سات وکٹوں پر 68 رنز بنا لیے جس سے پاکستان کی آسٹریلیا پر مجموعی برتری 82 رنز ہو گئی ہے، جبکہ اس کی تین وکٹیں باقی ہیں۔