فیروزوالا، شرقپور سمیت کئی شہروں میں 12گھنٹے تک لوڈشیڈنگ، سیکرٹری پاور کا سخت نوٹس

 اسلام آ باد؍ لاہور؍ ننکانہ صاحب   (آئی ا ین پی+ نامہ نگاران)  فیروز والا، شرقپور اور دیگر شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ دوسری جانب سیکرٹری پاور نے لوڈ شیڈنگ کا سختی سے نوٹس لے لیا۔ ذرائع وزارت توانائی کے مطابق سیکرٹری پاور نے لوڈشیڈنگ پر  لیسکو، این ٹی ڈی سی اور سی پی پی سیل کی سرزنش کی جس کے بعد 50 روپے یونٹس تک والے بند پاور پلانٹس ہنگامی بنیادوں پر چلا دیے گئے۔  لاہور گڈو سے متاثرہ ٹرانسمیشن لائن بھی سسٹم میں واپس آگئی اور آج سے تمام ڈسکوز کو کوٹہ بڑھا دیا گیا ہے جب کہ لیسکو، فیسکو، میپکو اور گیپکو کو 40 فیصد بجلی کی رسد بڑھا دی گئی ہے۔  40 فیصد بجلی کی رسد بڑھانے کے بعد لیسکو میں لوڈ شیڈنگ واپس 2 گھنٹے کے شیڈول پر آجائے گی جس کے بعد بجلی اب ایک گھنٹہ صبح اور ایک گھنٹہ شام میں جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر ڈیزل والے پلانٹس بھی چلائے جائیں گے۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق شاہدرہ، فیروز والا، کوٹ عبدالمالک اور دیگر علاقوں میں بجلی و گیس کی طویل بندش نے معمولات زندگی درہم برہم کر دئیے۔ بجلی بندش کا دورانیہ 12 گھنٹے تک جا پہنچا۔ ہر گھنٹے بعد بندش پر عوام کا پارہ ہائی ہو گیا۔  شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی و گیس کے بلوں میں آئے روز بے تحاشا اضافہ اور ظالمانہ بھاری ٹیکسوں کی بھرمار نے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کا کچومر نکال کر رکھ دیا ہے۔ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش میں اضافے کے باعث تجارتی و کاروباری مراکز میں اندھیروں نے ڈیرے جما لئے ہیں اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئی ہیں۔ مارکیٹوں، تجارتی مراکز میں کاروبار ٹھپ ہونے سے تاجروں کا دلوالیہ نکل چکا ہے۔  سردی میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش میں اضافہ سمجھ سے بالا تر ہے۔ ہر گھنٹے بعد بجلی کی بندش نے ہر طبقہ فکر کے افراد کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔شرقپور سے نامہ نگار کے مطابق  ملک بھر کی طرح شرقپور شریف اور گردو نواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، عوام سراپا احتجاج ہیں۔ کئی کئی گھنٹے تک بجلی بند رہتی ہے، کاروباری اور مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے چھوٹے کاروبار شدید متاثر ہورہے ہیں۔ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، آئے روز فالٹ کے بہانے پر کئی گھنٹے تک بجلی بندکرنا معمول بن گیا۔ کاروبار زندگی ٹھپ ہوکر رہ گیا۔ عوامی حلقوں نے  حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے  کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ چناب نگر سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شہر اور گردونواح میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بارہ گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ گھریلو خواتین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ چناب نگر اور اس کے گردونواح میں  فیسکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے نہ صرف کاروباری زندگی متاثر ہوئی ہے بلکہ گھریلو خواتین کو بھی شدید مشکلات سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے۔ بالخصوص دن کے ٹائم میں بجلی کی دو دو گھنٹے کی بندش سے دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ سردی کے موسم میں بجلی کی بندش سمجھ سے بالاتر ہے۔ کبھی لوڈ شیڈنگ اور کبھی مرمت کے نام پر پورا پورا دن بجلی بند رہتی ہے۔ عوام کی روزمرہ زندگی اور کاروباری زندگی  تباہ  ہو کر رہ گئی ہے۔ غازی آباد سے نامہ نگار کے مطابق  چیچہ وطنی، غازی آباد اور گردو نواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، روزانہ فالٹ کے بہانے کئی گھنٹے تک بجلی بندکرنا معمول بن گیا۔ کاروباری لوگوں نے بجلی پر چلنے والا کاروبار بند کردیا۔ میپکو کی وجہ سے کاروباری لوگوں کے لاکھوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ زیادہ تر چھوٹے کاروبار کرنے والوں نے مقامی پن بجلی جنریٹر پر کاروبار منتقل کئے، کوئی پوچھنے والا نہیںہے۔ مسلسل بجلی بندش پر عوام سراپا احتجاج ہے۔ کئی کئی گھنٹے تک بجلی بند رہتی ہے۔ کاروباری اور مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عوامی حلقوں نے احتجاج کی دھمکی دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق ننکانہ صاحب میں گیس بحران کے بعد بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب کے وکلاء نے بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف بطور احتجاج ہڑتال کی اور کوئی بھی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ صدر ڈسٹرکٹ بار چوہدری فیصل سکندر سدھو اور جنرل سیکرٹری رائے رضوان علی کھرل سمیت دیگر وکلاء نے کہا ہے کہ شدید سردی میں بلا شیڈول غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن